English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غزہ میں اسرائیلی مظالم کیخلاف دنیا بھر میں مظاہرے

القمر

غزہ /پیرس /لندن /اسٹاک ہوم/واشنگٹن/ ماسکو/دوحا ( مانیٹرنگ ڈیسک +خبرایجنسیاں) اسرائیلی مظالم کے خلاف اسرائیل کے دار الحکومت تل ابیب سمیت دنیا بھر میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ فرانس کے دارالحکومت پیرس میں فلسطینی پرچم اٹھائے مظاہرین نے اسرائیل کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا۔ادھر سوئیڈن میں بھی فلسطین کی حمایت میں ریلی نکالی گئی، شرکا نے فلسطین کی حمایت میں نعرے لگائے، لندن میں بھی ساحل سمندر پر فلسطینی پرچم تھامے بڑی تعداد میں لوگوں نے غزہ میں اب تک شہید ہونے والوں کو یاد کیا۔مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں بھی سیکڑوں افراد نے اسرائیل کے وحشیانہ حملوں کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی۔دوسری جانب تل ابیب میں اسرائیلی حکومت کے خلاف سیکڑوں افراد سڑکوں پر نکل آئے، نیتن یاہو سے مستعفی ہونے اور یرغمالیوں کی رہائی کا معاہدہ کرنے کا مطالبہ کیا۔روس نے غزہ میں فوری حملے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ میں شہریوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنا رہا ہے۔روسی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی حملے غزہ جنگ بندی کی بین الاقوامی کوششوں کو سبوتاژ کر رہے ہیں۔ادھر ایران نے کہا کہ اسرائیل نے التابعین اسکول پر وحشیانہ حملے سے واضح کر دیا کہ وہ کسی عالمی اور اخلاقی اصولوں کا پابند نہیں۔برطانیہ، ترکیہ، سعودی عرب اور دیگر عرب ممالک نے بھی اسکول پر اسرائیلی حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی جبکہ قطر نے پناہ گزین اسکول پر حملے کی عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا۔دوسری جانب حماس کے نائب سربراہ خلیل الحیا نے بھی عرب اور اسلامی ممالک سے اسرائیل کے خلاف متحد ہونے اور اسرائیل سے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ ادھر نائب امریکی صدر اور ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کاملہ ہیرس نے غزہ میں جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا۔ غزہ کے التابعین اسکول پر گزشتہ روز اسرائیلی حملے سے متعلق میڈیا سے گفتگو میں کاملہ ہیرس کا کہنا تھا کہ غزہ میں ایک بار پھر کئی شہریوں کی ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ کاملہ ہیرس نے کہا کہ اسرائیل کو حماس کے پیچھے جانے کا حق ہے لیکن میں نے پہلے بھی بارہا کہا ہے کہ شہریوں کی ہلاکتوں سے گریز کرنا اہم ذمے داری ہے۔ کاملہ ہیرس نے زور دیا کہ ہمیں یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی معاہدے کی ضرورت ہے، یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی معاہدہ اب ہو جانا چاہیے۔ خیال رہے کہ گزشتہ روز غزہ کے التابعین اسکول پر اسرائیلی بمباری سے 120 سے زیادہ فلسطینی شہید ہوئے تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے