English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

برازیل میں تباہ ہونے والے طیارے کا بلیک باکس مل گیا

جمعہ کو برازیل میں تباہ ہونے والے مسافر بردار طیارے کا بلیک باکس مل گیا ہے۔ اس میں کاک پٹ کے اندر کی گفتگو اور فلائٹ ڈیٹا محفوظ ہے۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ایک ماہ میں سامنے آسکے گی۔

یہ طیارہ مقامی وقت کے مطابق دن کے ڈیڑھ بجے برازیل کے شہر ساؤپالو کے نواح میں مکانات پر گرا تھا۔ طیارے میں 62 افراد سوار تھے جن میں سے صرف ایک شخص بچ سکا ہے۔ اے ٹی آر 72 ٹربو پروپ طیارہ ووپاس نامی ایئر لائن کا تھا۔

طیارے کی منزل ساؤپالو شہر ہی تھا۔ لینڈنگ سے چند لمحات قبل طیارے کا کنٹرول ٹاور سے رابطہ منقطع ہوگیا اور پھر یہ راڈار سے بھی غائب ہوگیا۔

برازیل کی ایئر فورس نے بتایا ہے کہ طیارے نے کوئی ایمرجنسی کال بھی نہیں دی تھی۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ طیارے کے انجن فیل ہوگئے تھے یا پائلٹ سے کوئی غلطی ہوئی تھی۔ ماہرین اب اس بات کا جائزہ لیں گے کہ کہیں موسم کی کیفیت نے تو جہاز کو بہت زیادہ متاثر نہیں کیا اور اس کا نظام کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا۔

اس امر کا بھی جائزہ لیا جارہا تھا کہ طیارے پر برف تو نہیں جم گئی تھی۔ ووپاس نے بتایا ہے کہ جس بلندی پر طیارے کو پرواز کرنا تھا اُس پر برف جم جایا کرتی ہے تاہم یہ طیاروں کے لیے معمول کی بات ہے۔

اے ٹی آر 72 ٹائپ کے طیاروں پر برف جمنے کی شکایات رہی ہیں۔ 1994 میں برف جمنے کے باعث ہی امریکی ریاست انڈیانا میں اس قسم کا ایک طیارہ گر کر تباہ ہوا تھا۔ اس حادثے میں 68 اموات واقع ہوئی تھیں۔ شکایات ملنے پر طیارہ ساز ادارے نے ڈی آئسنگ سسٹم بہتر بنایا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے