لاہور (وقائع نگارخصوصی )امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے 14 اگست یوم آزادی پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آزادی کی قدر حقیقی جمہوریت میں مضمر ہے۔ قائداعظم اور ان کی قیادت میں تحریک آزادی میں حصہ لینے والے رفقا کو آج خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔آج پوری قوم ان کی قربانیوں پر خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ جماعت اسلامی ملک کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لیے آئین و جمہوری اصولوں کے مطابق جدوجہد کر رہی ہے۔ پاکستان کی بقا سلامتی اور خوشحالی کا ضامن صرف اسلام ہے، ہمیں وہ عہد و پیمان پورا کرنے کے لیے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے اللہ سے کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کو تسلیم کرنے اور ان کی پامالی کے خاتمے میں ہے، جب تک قانون کے سامنے سب برابر نہیں ہوں گے، ملک اندرونی و بیرونی بحرانوں کا شکار رہے گا۔ملک و قوم اس وقت سنگین قسم کے بحرانوں کی زد میں ہیں۔امیر اور غریب میں معاشری تفریق بڑھ چکی ہے۔ امیر پہلے سے زیادہ امیر اور غریب پہلے سے زیادہ غریب ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا وجود کشمیر کی مکمل آزادی تک ادھورا ہے، کشمیری عوام کا جذبہ اور پاکستان سے محبت انمول ہے۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس کے بغیر زندہ رہنے کا تصور بھی ممکن نہیں۔اس وقت پاکستان پر ہر طرف سے اور ہر لحاظ سے دشمن کی یلغار ہے۔ استعماری طاقتیں پاک وطن کو کمزور کرنا چاہتی ہیں۔ اسی وجہ سے ملک میں قومیت ’عصبیت‘ صوبائیت ’لسانیت اور فرقہ واریت کو فروغ دلوایا جا رہا ہے‘ جس کی وجہ سے پورے ملک میں انتشار ’انارکی‘ بدامنی ’خوف‘ بے یقینی اور افراتفری کی فضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارا وطن ہے، ہمیں مل کر اس کو بچانا ہوگا۔یوم آزادی کا سبق اور پیغام یہ ہے کہ نوجوان قائداعظم کی اساسی تعلیمات اور آزادی کی روح کے مطابق پاکستان کی تشکیل نو کی جدوجہد کا آغاز کریں اور سیرت رسول? کے خلاف چلنے والوں اور قائداعظم کے ذہنی اور فکری مخالف عناصر کا بے دریغ اور بلا امتیاز کا قلع قمع کر کے آزادی کی روح کو بازیاب کرائیں۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ انقلابی عوامی جدوجہد کے بغیر پاکستان کو غاصبوں اور ظالموں کے قبضے سے نجات دلانہ ممکن نہ ہوگا۔ جب تک آزادی کی روح بحال نہ ہو جائے ہم اپنے مسائل سے باہر نہیں نکل سکیں گے۔ ہم امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی قیادت میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے سٹرکوں پر ہیں اور اس وقت تک واپس نہیں جائین گے جب تک حکمران مجبور نہ ہو جائیں کہ وہ اپنے اللوں تللوں کو ختم کرکے عوام پر سے مہنگائی کا بوجھ کم نہیں کر دیتے۔
