اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے کہا ہے کہ آزادی ایک بڑی نعمت ہے وطن عزیز لازوال قربانیوں کا ثمر ہے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے حصول میں ہمارے آباؤ اجداد نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر وطن عزیز کا تحفہ ہمیں دیا اب یہ ہماری قومی ذمے داری ہے کہ ملک کی تعمیر و ترقی، استحکام و تحفظ کیلئے تمام اختلافات بالائے طاق رکھ کر اجتماعی کوششیں کریں۔
وفاقی وزیر برائے بحری امور نے کہاکہ پاکستان کے 77 ویں یوم آزادی کے موقع پر آئیں ہم سب مل کر عہد کریں کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر چلتے ہوئے اپنے وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنے فرائض پوری دیانت اور ایمانداری سے انجام دیں گے اور ملک کی سالمیت،استحکام،امن وبھائی چارہ کے فروغ کیلئے مشترکہ جدوجہد کریں گے۔
وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ نے جشن آزادی کی خوشی میں اپنے آبائی علاقے چنیوٹ میں موٹر سائیکل اور رکشہ سرواروں کے لیے پانچ لیٹر پیٹرول کے تحفے کا اعلان کیا۔

