English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

مرکز اطلاعات فلسطین

محمد عمران چوہدری

اسرائیلی وزیر وں کی قیادت میں 2ہزار یہود کا مسجد اقصیٰ پردھاوا

انتہا پسند اسرائیلی وزیر ایتمار بین گویر اور یتزحاک واسرلوف سمیت ہزاروں یہودی آباد کاروں نے مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بول دیا۔ اس موقع پر قابض فوج اور پولیس کی طرف سے انتہا پسندوں کو فول پروف سیکورٹی فراہم کی گئی ۔اس دوران اسرائیلی فوجیوں نے نمازیوں کو مسجد اقصیٰ میں داخل ہونے سے روک دیا ،جب کہ یہودی آباد کاروں کو قبلہ اول میں داخل ہونے اور وہاں پر تلمودی تعلیمات کے مطابق اشتعال انگیز رسومات کی ادائیگی کا مکمل موقع فراہم کیا گیا۔ واضح رہے کہ 2022ء کے اواخر میں وزیر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے یہ بین گویر کا مسجد اقصیٰ پر چھٹا دھاوا ہے۔ مسجد اقصیٰ میں اسلامی اوقاف کے محکمہ نے بتایا کہ تقریباً 2ہزار 250 آبادکاروں نے مسجد اقصیٰ کے صحنوں پر دھاوا بول دیا۔اس دوران انہوں نے مسجد کی بے حرمتی کی، تلمودی رسمیں ادا کیں اور مسجد کے صحنوں میں اسرائیلی جھنڈا لہرایا۔

یورپی یونین بن گویر اور سموٹریچ پر پابندی لگائے‘جوزف بوریل

یورپی یونین کے اعلیٰ سفارت کار نے کہا ہے کہ اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے قومی سلامتی کے وزیر کی طرف سے غزہ کی امداد بند کرنے کے مطالبے کے جواب میں ان پر پابندیوں پر غور کرنا چاہیے۔یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے کہا کہ ایتمار بن گویر کے حالیہ ریمارکس جنگی جرائم کے مترادف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پابندیاں ہمارے یورپی یونین کے ایجنڈے پر ہونی چاہییں۔بین گویر نے کہاتھا کہ ممکنہ جنگ بندی کے معاہدے پر رضامند ہونے کے بجائے اسرائیل کو غزہ میں انسانی امداد اور ایندھن کا داخلہ اس وقت تک کے لیے روک دینا چاہیے جب تک حماس تمام مغویوں کو رہا نہ کر دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح حماس گھٹنے ٹیک دے گا۔ بین گویر نے اسرائیل سے غزہ پر مستقل طور پر دوبارہ قبضہ کرنے، وہاں یہودی بستیوں کی تعمیر نو اور فلسطینیوں کی ملک بدری کا بھی بارہا مطالبہ کیا ہے۔ وزیرِ اعظم نیتن یاہو کے گورننگ اتحاد کے ایک اہم رکن بین گویر نے دھمکی دی ہے کہ اگر جنگ بندی کے مذاکرات میں بہت زیادہ رعایتیں دی گئیں تو وہ حکومت گرا دیں گے۔

غزہ کے لیے انسانی امداد روکنا جنگی جرم ہے‘ بلجیم

بلجیم کی وزیر برائے ترقیاتی تعاون کیرولین گونیز نے غزہ کی پٹی میں بچوں سمیت شہریوں کو انسانی امداد سے محروم کرنے کوجنگی جرم قرار دے دیا۔ سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں کیرولین گونیز کا کہنا تھا کہ اسرائیل میں انتہاپسندوں کی طرف سے غزہ کی پٹی کے عوام کو بھوکا رکھنے کا بیان غیرانسانی اور شرمناک ہے۔ گونیز نے کہا کہ اس طرح کی باتیں پرامن حل کے حصول کے امکانات کو کمزور کرتی ہیں اور فلسطینیوں اور اسرائیلیوں دونوں کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔ واضح رہے کہ غزہ میں جاری اسرائیلی فوجی جارحیت سے شہید ہونے والوں کی تعداد 39ہزار 897 ہو گئی ہے جب کہ 92ہزار 152 افراد زخمی ہیں۔ ان میں ہزاروں زخمی زندگی موت کی کشمکش میں ہیں۔ غزہ میں اسپتالوں اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کی منظم تباہی سے اموات کی شرح میں غیرمعمولی اضافہ کردیا ہے۔

اقوام متحدہ کے نمایندے کی غزہ میں نسل کشی کے لیے امریکی فنڈنگ پر تنقید

فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی خصوصی نمایندہ فرانسسکا البانیز نے غزہ میں اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی نسل کشی کے لیے امریکی فنڈنگ میں اضافے پر کڑی تنقید کی ہے۔ غزہ کے التابعین اسکول میں قتل عام پر تبصرہ کرتے ہوئے البانیز نے کہا کہ امریکی فنڈنگ تل ابیب کے لیے مزید مہلک بموں کے استعمال کی راہ ہموار کررہی ہے۔ امریکی بموں کی وجہ سے لاشوں کے چیتھڑے اڑ گئے، انہیں پہچاننا ناممکن ہو گیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسکول میں لاشوں کی شناخت اب وزن کے حساب سے کی جاتی ہے۔ ہر بیگ جس کا وزن 70 کلو ہے وہ ایک بالغ کی لاش قرار دی جاتی ہے۔ یاد رہے کہ التابعین سکول پر ہفتے کی صبح امریکی طیاروں اور بموں کے ذریعے کی گئی اسرائیلی بمباری میں 100سے زائد فلسطینی شہید اور دسیوں زخمی ہو گئے تھے۔

ایرانی ڈرون مہاجر10 کی ماسکو میں نمایش

ایران نے روس میں ایک دفاعی نمایش میں اپنے طویل فاصلے تک مار کرنے والے مہاجر10 ڈرون کی نمائش کرتے ہوئے اسرائیل کو سخت پیغام دیا ہے۔ امریکا کی طرف سے تہران پر ماسکو کو اسلحہ فراہم کرنے کے الزامات کے بعد ایران نے ماسکو میں اس ڈرون کی نمائش کی ہے۔ امریکا نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران روس کو سیکڑوں بیلسٹک میزائل فراہم کرنے کی تیاری کررہا ہے جنہیں ماسکو یوکرین کے خلاف جنگ میں استعمال کرے گا۔ روسی دارالحکومت کے باہر پیٹریاٹ پارک میں فوجی تکنیکی فورم میں جدید ترین طیاروں کی نمائش میں شامل ڈرون طیاروں کا ایک ویڈیو کلپ اور دیگر فوجی سازوسامان کے ساتھ دکھایا گیا، جس میں عبرانی اور فارسی زبان میں لکھاتھا کہ اپنی پناہ گاہیں تیار کرلو۔ایرانی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ ڈرون کی رینج 2000 کلومیٹرہے اور یہ 24 گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے۔ اس کا پے لوڈ 300 کلوگرام تک پہنچ سکتا ہے، جو پہلے جاری کردہ ورژن مہاجر 6 سے طاقت میں دگنا ہے۔

نیتن یاہو اوران کا ٹولہ تباہی کی طرف لے جا رہا ہے‘ سابق اسرائیلی جنرل

اسرائیلی فوج کے ایک سابق جنرل نے نیتن یاہو اور ان کی قیادت میں موجود حکومت اور آرمی چیف کو اسرائیل کی سلامتی کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے ان کی جنگی اور تباہ کن پالیسیوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ریٹائرڈ اسرائیلی افسر یتزحاک برک نے اسرائیلی اخبار معاریو میں شائع ہونے والے مضمون میں کہا قتل و غارت گری کی پالیسی اسرائیل کو علاقائی جنگ کے قریب لے آئی ہے جس میں وہ اپنے شہریوں کی حفاظت نہیں کر سکتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے