لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ میں پاکستانی برٹش سول اینگجمنٹ لندن نیوہیم کی جانب سے یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے شگفتہ نسرین ، سہیل باوا، کونسلر ذوالفقار اور کونسلر شعبان کی میزبانی میں تقریب منعقد ہوئی جس میں نیوہیم لندن کی کونسلر صوفیا ،لندن اسمبلی کی رکن عمیش ڈسیائی ،رکن برٹش امپائر طٰہٰ قریشی، منہاج القرآن کے صادق قریشی ،بزم سخن کے سہیل خلش ،فضل ثانی ،ابراہیم جمالی ، سماجی ومذہبی و سیاسی وکاروباری شخصیات سمیت دیگر عمائدین لندن شریک ہوئے۔تقریب میں کونسلرز اور پاکستانی کمیونٹی کے ارکان سمیت بڑی تعداد میں مختلف کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے خواتین ، بچوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔تقریب کاآغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت اورقومی ترانے سے ہوا ۔ بچوں نے بہترین انداز میں نغمے اور شعرا نے خوبصورت اشعار پیش کیے ۔ اس موقع پر اسٹار ایتھلیٹ اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیاگیا۔اس موقع پر عالمی تحریک ختم نبوت کے رہنما سہیل باوا نے کہا کہ پاکستان کے داخلی اختلافات کو بیرون دنیا میں اجاگر نہ کریں،ملک قوم کی برائی نہ کریں ، اچھے الفاظ سے یاد کریں۔ ہمارے بانیوں نے پاکستان کے لیے انتہائی درست نظریہ پیش کیا تھا جو الفاظ سے بالاتر اور لاکھوں افراد کی اجتماعی امنگوں کا مظہر تھا، اس نظریے کی بدولت پاکستان کی بنیاد رکھی گئی۔تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا ،مہمانوں کو روایتی پاکستانی کھانے بھی پیش کیے گئے۔

