English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

جیل قوانین پر عمل اور قیدیوں سے حسن سلوک کی جائے ،منظور سومرو

القمر

 

بدین (نمائندہ جسارت) صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ محمد سہیل راجپوت کی خصوصی ہدایت پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب اعلیٰ بدین منظور علی سومرو نے ڈسٹرکٹ جیل کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جیل کے قیدیوں سے کھانے پینے اور میڈیکل کی سہولیات سمیت دیگر تفصیل معلوم کیے۔ انہوں نے قیدیوں سے کورٹ کی تاریخوں پر جانے کے تفصیل بھی لیے۔ اس موقع پر انہوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ مظہر علی بیہن کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ جیل قوانین پر عمل کرتے ہوئے قیدیوں کے ساتھ حسن سلوک اور انسانی حقوق کی پاسداری کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جیل قیدیوں کے لیے اصلاح گھر ہونا چاہیے، ان کی اصلاح کے لیے بہتر اقدام کیے جائیں تاکہ یہ قیدی باہر نکل کر جرم کی دنیا کو چھوڑ کر ایک اچھے اور ذمہ دار شہری بنیں۔ انہوں نے ایڈیشنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر عبدالغفار کھوسہ کو ہدایت کی کہ وہ قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے والی این جی اوز کو آگے لائیں تاکہ وہ غریب قیدیوں کی مدد کریں، قانونی ضروریات پوری کرنے کے لیے وکیل، صلاحکار بھی مہیا کر سکیں۔ جیل سپرنٹنڈنٹ مظہر علی بیہن نے ریجنل ڈائریکٹر بدین صوبائی محتسب اعلیٰ کو جیل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جیل میں 787 قیدی ہیں، ان میں سے 32 قیدی ایسے ہیں جن کی عمر 18 سال یا اس سے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیل کے مینیو کے مطابق کھانا دیا جاتا ہے، بیمار قیدیوں کے لیے ہر وقت ڈاکٹرز موجود ہیں، ان کے علاوہ ہر 15 دن میں ڈاکٹرز کی ٹیم بھی بیمار قیدیوں کا چیک اپ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیدیوں کے لیے ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں، اگر کوئی قیدی پڑھنا لکھنا چاہے تو ان کو تعلیم بھی دی جاتی ہے، قیدیوں کے ساتھ ملاقات کے لیے ان کے ورثاء کو ہفتے میں ایک مرتبہ ملاقات کرائی جاتی ہے۔ جیل سپرنٹنڈنٹ نے ویڈیو لنک کے ذریعے قیدیوں کے عدالتی ٹرائل کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے جیل سے ویڈیو لنک کے ذریعے قیدیوں کی متعلقہ عدالت میں پیشی بھی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کے تعاون سے جراثیم کش اور مچھر مار اسپرے بھی ہر 15 دن بعد کیا جاتا ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے