لاہور: امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ فوج و عوام میں تقسیم کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا ،شریف خاندان اور منشا گروپ کی آئی پیز سالانہ کیپیسٹی چارجز چھوڑ دیں تو بل کم ہوجائیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس میں امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کل ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال ہوگی۔ کسی مارکیٹ کو 30 تو کسی کو 40 ہزار روپے ٹیکس کو قبول نہیں کریں گے، بجلی کے شدید بحران نے تجارت، صنعت، عام فرد سب کو برباد کر کے رکھ دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ فوج و عوام میں تقسیم کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا ،حق دو عوام کو کے سلسلے میں کل ہڑتال کے موقع پر آئندہ کا لائحہ عمل بنائیں گے اور پرامن احتجاجی مزاحمت کریں گے۔ کسی کو بھی بلوچوں کا نام استعمال کرکے بھارت کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی پیز کو نہیں پال سکتے، مہنگے بلوں نے ملکی معیشت او صنعت کو تباہ کردیا ہے لاہور پاکستان کا دل ہے، ہڑتال پر یک جہتی کا اظہار کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کہتی ہے کہ ہڑتال سے کاروبار خراب ہوجائے گا وہ تو پہلے ہی خراب ہے۔ معیشت خود حکومت تباہ کر رہی ہے۔ احتجاج کی کوشش سے حکومت کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھرپور ہڑتال ہوگی پھر تاجروں سے مشاورت کریں گے اگر ریلیف نہیں ملے تو آگے بھی ہڑتالیں کریں گے، بلوچوں کے لیے ہم نے آواز اٹھائی ہےبلوچستان میں چن چن کر قتل کرنے والے انسان نہیں درندے اور دہشت گرد ہیں وہ بیرونی طاقتوں کے آلہ کار بن کر ملک کو کمزور کرنا چاہتے ہیں جن کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے.

