راولپنڈی(نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)نے پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان30 اگست سے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے طلبہ کے لیے مفت داخلے کا اعلان کیا ہے ۔ پی سی بی کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق اسٹیڈیم میں داخلے کے لیے طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ یونیفارم میں آئیں اور تعلیمی اداروں کے کارڈز ہمراہ لائیں ، وہ کسی بھی وی آئی پی انکلوژرز عمران خان اور جاوید میانداد سیٹ کی دستیابی سے مشروط اور پریمیم انکلوژرز میراں بخش، شعیب اختر، سہیل تنویر اور یاسر عرفات سے میچ دیکھ سکیں گے۔ یہ فیصلہ طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے کیا گیا ہے، یاد رہے کہ بنگلا دیش نے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر2 میچوں کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کی ہے۔ طلبہ کے لیے مفت داخلے کی پالیسی کا اطلاق پی سی بی گیلری یا پلاٹینم باکس میں نہیں ہو گا، اس سے قبل پی سی بی نے راولپنڈی کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے اور 5ویں دن شائقین کے لیے مفت انٹری کا اعلان کیا تھا۔ دریں اثنا شائقین دوسرے ٹیسٹ کے لیے PCB.tcs.com.pk پر آن لائن ٹکٹ خرید سکتے ہیں یا ایوی ایشن گرائونڈ میں واقع فزیکل ٹکٹ بوتھ سے، ریسکیو 1122، راول روڈ کے سامنے اور مخصوص ٹی سی ایس ایکسپریس سینٹرز سے بھی خرید سکتے ہیں۔ پریمیم انکلوژرز کے ٹکٹ 200 روپے میں دستیاب ہوں گے۔
