English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیلی فوجی ٹینکوں کی مغربی کنارے پر چڑھائی ،مزید 34 فلسطینی شہید

القمر

غزہ/دمشق/برسلز(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے کے علاقے میں مسلسل دوسرے روز بھی چڑھائی کرتے ہوئے مزید 34 فلسطینی شہید کردیے۔عرب میڈیا کے مطابق مغربی کنارے کے علاقے خان یونس میں اسرائیلی برّی فوج کے ٹینک پناہ گزین کیمپ میں داخل ہوگئے جب کہ ائر فورس نے فضائی بمباری جاری رکھی۔اس دوران پناہ گزین کیمپ کے
داخلی اور خارجی راستوں کو بند کردیا گیا اور ایمبولینسوں کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی، گھر گھر تلاشی لی گئی۔اسرائیلی فوج کی خان یونس میں یہ 7 اکتوبر سے جاری غزہ جنگ کے دوران سب سے بڑی فوجی کارروائی ہے۔مغربی کنارے کے ان علاقوں خان یونس اور طولکرم میں اسرائیلی فوج کے علاوہ یہودی آباد کار بھی فلسطینیوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج کی بڑھتی ہوئی کارروائیاں اور یہودی آبادکاروں کے نہتے فلسطینیوں پر حملے کے پیش نظر فلسطینی صدر محمود عباس سعودی عرب کا دورہ مختصر کرکے وطن لوٹ رہے ہیں۔علاوہ ازیں مغربی کنارے میں اسرائیلی قبضے کے خلاف سرگرم مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کے چیف کمانڈر صیہونی فوج کی کارروائی کے دوران شہید ہوگئے۔عرب میڈیا کے مطابق فلسطین کی مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد نے تصدیق کی ہے کہ تلکرم کے نور شمس پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں ان کے اعلیٰ کمانڈر اپنے بھائیوں سمیت شہید ہوگئے۔اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی کنارے میں فوجی آپریشن کے دوسرے دن 5 مجاہدین شہید ہوئے جن میں کمانڈر محمد جابر المعروف ابو شجاع بھی شامل ہیں۔علاوہ ازیں بیلجیئم کی نائب وزیراعظم نے کہا ہے کہ فلسطین میں جاری اسرائیل کی نسل کشی کی پالیسی کو سزا دیے بغیر نہیں جانے دینا چاہیے۔بیلجیئم نے آج ہونے والی یورپی یونین کے وزرائے خارجہ کی غیر رسمی میٹنگ سے قبل نسل کشی کے بیانات دینے والے اسرائیلی وزرا اور غیر قانونی آباد کاری میں ملوث تنظیموں (سیٹلرز) پر پابندیاں عاید کرنے کی حمایت کردی۔انہوں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ‘ میں کل ہونے والے یورپی یونین کے خارجہ نمائندوں کے غیر رسمی اجلاس کی روشنی میں اسرائیلی وزرا بن گویر اور سموترچ پر پابندیاں لگانے کی مکمل حمایت کرتی ہوں۔ مزیدبرآں رکن اسرائیل پارلیمنٹ عفرکاسف نے نیتن یاہو حکومت سے غزہ اور مغربی کنارے میں جنگ بند کرکے اسرائیلی قبضہ ختم کرنے کا مطالبہ کردیا۔عفرکاسف نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر لکھا کہ جنگ بندکرو اورقبضہ ختم کرو کیونکہ مغربی کنارے پر حملے کا اسرائیلی سلامتی سے کوئی تعلق نہیں۔ عفر کاسف کا کہنا تھا کہ اسرائیلی حکومت فلسطینیوں کو اپنے وطن سے بے دخل کرنے کے درپے ہے اور مغربی کنارے پر حملہ فلسطین کے مزید علاقوں پر قبضہ کرنے کے لیے ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے