ٹنڈوآدم (نمائندہ جسارت) ڈپٹی ڈائریکٹر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سندھ راشد مکرم نے ضلعی صدر الخدمت فاؤنڈیشن عدیل معروف اور الخدمت کے رضا کاروں کے ہمراہ روہڑی کینال کے شگاف سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور لوگوں میں مختلف سامان تقسیم کیا۔ انہوں نے متاثرین کو یقین دہانی کرائی کہ الخدمت فاؤنڈیشن برسات متاثرین اور متاثرین روہڑی کینال میں جلد ضرورت کا سامان تقسیم کرے گی۔ اس موقع پر راشد مکرم نے کہا کہ شہری اور دیہی علاقوں میں برسات کا پانی جمع ہے، لوگ بے یارو مددگار آسمان تلے بیٹھے ہیں، حکومت نام کی کہیں کوئی چیز نظر نہیں آرہی، سیوریج کے نظام اور برساتی نالوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے اکثر علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، لوگ اپنے گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں، جبکہ روہڑی کینال کے شگاف کو 3 ہفتے سے زیادہ وقت گزر چکا لیکن 40 سے زائد دیہات پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں، ہزاروں ایکٹر فصل تباہ ہو گئی اور سیکڑوں خاندان بے گھر ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی بنیادوں پر متاثرہ علاقوں کی بحالی کا کام کیا جائے، زبانی دعوؤں کے بجائے عملی طور پر کام کیا جائے تاکہ متاثرہ لوگ اپنے گھروں میں بحفاظت جاسکیں، حکومت متاثرین کے نقصانات کا ازالہ کرے۔
