English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سینئر ججزکے وفد کا واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ

القمر

واشنگٹن (صباح نیوز) سینئر ججز پر مشتمل اعلیٰ سطح کے وفد نے واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے کا دورہ کیا ہے ۔امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس شاہد وحید کی سربراہی میں ایک اعلی سطح کے وفد کا استقبال کیا۔ وفد میں لاہور، سندھ، پشاور اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے معزز ججز ، ضلعی عدلیہ کے ججز اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل شامل تھے۔ مسز مارٹینا پولاسک ، سیکرٹری جنرل انٹرنیشنل سنٹر برائے تنازعات سرمایہ کاری ورلڈ بینک ، زمرک خان اور امریکی محکمہ تجارت کے کمرشل لا ڈویلپمنٹ پروگرام کے دیگر ممبران بھی وفد کے ہمراہ تھے۔یہ اعلیٰ وفد اس وقت امریکا کے دورے پر ہے جس کے دوران وہ اپنے ہم منصبوں سے ملاقات کر رہا ہے تاکہ ملکی اور سرحد پار تنازعات کے تصفیے کے ماحول کو مضبوط بنانے، معاہدوں کے نفاذ کو بہتر بنانے، عدالتوں میں زیر التوا کیسز کی تعداد کو کم کرنے اور انصاف تک موثر رسائی کو یقینی بنانے کے لئے علم اور مہارت کا تبادلہ خیال کیا جا سکے۔جسٹس شاہد وحید نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ یہ امید اور خواب کا سفر ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی قانونی برادری ملک میں ایک موثر نظام انصاف کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے ۔مارٹینا پولسیک نے اپنے ریمارکس میں اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان کے سینئر ججز اور قانونی برادری کے اراکین کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان قانون کے شعبے میں معلومات کے تبادلے اور مضبوط تعلقات کو فروغ دے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے