حب (نمائندہ جسارت) اسسٹنٹ کمشنر علی درانی نے مون سون و سیلابی ریلے کے پیش نظر ندی کے کنارے موجود تمام کریش پلانٹ مالکان اور رہائشی لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے فوری منتقلی کا نوٹس جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر علی درانی نے مون سون و سیلابی ریلے کے پیش نظر حب ندی کے کنارے موجود تمام کریش پلانٹ مالکان اور رہائشی لوگوں کو احتیاطی تدابیر اپناتے ہوئے فوری منتقلی کا نوٹس جاری کردیا۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز لیویز انچارج بہار علی اور لیویز فورس نے حب ندی کے کنارے تمام کریش پلانٹ مالکان کو نوٹس تعمیل کرتے ہوئے ہدایت جاری کی ہے کہ کسی بھی وقت حب ڈیم کا پانی شدت اختیار کر سکتا ہے جس سے ندی کے کنارے آبادی کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے، احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تمام رہائشی اور کریش کا کام کرنے والوں کو عارضی طور پر منتقل ہونے کا ہدایت نامہ جاری کیا ہے۔ واضح رہے کہ حب ڈسٹرکٹ اور اس کے مضافات میں گزشتہ ہفتوں سے ہونے والی بارشوں کے بعد حب ڈیم 338 فٹ بھر چکا ہے جو ایک فٹ بھرنے میں باقی رہ گیا ہے، جبکہ 339 فٹ تک مکمل بھرنے کے بعد حب ڈیم کا اضافی پانی اسپیل وے اخراج ہونا شروع ہو جائے گا۔ حب ڈیم کا اخراج ہونے والا پانی حب ندی سے ہوتا ہوا سمندر برد ہوگا۔
