English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سید علی گیلانی کی تیسری برسی پر اجتماعات ،خراج عقیدت ،کشمیر کی آزادی کا عزم

القمر

اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد میں پاکستانی وکشمیری سیاسی قائدین نے قائد تحریک آزادی کشمیر سید علی گیلانی مرحوم کی تیسری برسی پر انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے ۔ اس موقع پر اس عزم کا اظہار کیا گیا ہے کہ حق خودارادیت کے حصول تک کشمیریوں کی جدوجہد جاری رہے گی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس اور جموں و کشمیر لبریشن سیل کے زیر اہتمام قائد حریت سید علی گیلانی کی تیسری برسی کے موقع پر جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا ۔ جنرل سیکرٹری مؤتمر عالمی اسلامی راجا ظفر الحق ،چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون ، سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق ، سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان ،ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین فتح اللہ خان میاں خیل ،سینیٹر سحر کامران ،عبداللہ گل ،امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر راجہ مشتاق احمد ، سابق وزیر حکومت محترمہ فرزانہ یعقوب ،جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد ،سیکرٹری انفارمیشن مشتاق احمد بٹ ،محمود احمد ساغر ،فاروق رحمانی ،الطاف حسین وانی ،میر طاہر مسعود ،محمد خطیب حسین ،اعجاز رحمانی ،شیخ المتین ،حاجی محمد سلطان ،حسن البنا ،محمد شیخ یعقوب ،جاوید جہانگیر بٹ ،امتیاز وانی ،زاہد مجتبیٰ ،زاہد اشرف ،محمد شفیع ڈار ،عدیل مشتاق ،داود خان یوسفزئی ، عبدالمجید لون ،سید گلشن ،مظفر سرینگر ،راجہ خادم حسین ،محمد اشرف ڈار ،چوہدری شاہین اقبال ،رئیس میر،خالد شبیر،شیخ عبدالماجد ،نذیر کرنا ہی ،ثنااللہ ڈار ،شمیم شال ،سید فیض نقشبندی ،منظور احمد ڈار ، عطااللہ ، ڈائریکٹر راجہ خان افسر خان ،دپٹی ڈائریکٹر سردار ساجد ،سردار نجیب الغفور ،راجہ راشد رضا ،سردار فرحان قیوم عباسی اور خواجہ عمران الحق سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوے چیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے سید علی گیلانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا ،سید علی گیلانی بطل حریت تھے انہوں نے جو مسلسل جدوجہد کی وہ لازوال تھی ،تحریک آزادی کشمیر در اصل تحریک تکمیل پاکستان ہے ،ان کا نعرہ تھا ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ۔مؤتمر عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل راجہ ظفر الحق نے کہا کہ سید علی گیلانی عظیم رہنما تھے ،کشمیریوں نے اپنی آزادی کی تحریک میں عظیمقربانیاں دی ہیں اور دے رہے ہیں ،بھارت میں مودی کی حکومت کشمیریوں کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے دبانا چاہتی ہے مگر اسے ناکامی ہو گی ،بھارت 5 اگست کے اقدامات کے ذریعے کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے ،ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور ساتھ رہیں گے ،سید علی گیلانی جرات مند سیاسی رہنما تھے جنہوں نے اپنی زندگی تحریک آزادی کیلیے وقف کر دی تھی ، سید علی گیلانی کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کیلیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے ۔سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،سید علی گیلانی مرد مومن تھے، انہوں نے ساری زندگی ایک نظریے کی خاطر جدوجہد کی اس لیے موت انہیں فنا نہیں کر سکی ان کا نظریہ آج بھی زندہ ہیں وہ ہمارے لیے ایک رول ماڈل ہیں ۔ان کا نظریہ حضرت قائد اعظم اور حضرت اقبال کے نظریات کے مطابق تھا ۔نیلسن منڈیلا کی طرح سید علی گیلانی نے زیادہ تر جیل میں وقت گزارا ،وہ جماعت اسلامی سے وابستہ رہے پھر انہوں نے خود کو تحریک آزادی سے وابستہ رہے ،دلیل سے بات کرتے تھے ،مصنف بھی تھے ،انہوں نے ہمیشہ دلائل کی بنیاد پر کشمیر کی بات کی ،پاکستان کے ساتھ ان کی محبت لازوال تھے ،وہ ایک مستحکم اور خوشحال پاکستان دیکھنا چاہتے تھے ،کشمیریوں نے اپنی آزادی کیلیے لازوال قربانیاں دی ہیں انشااللہ ان کی قربانیاں رائگاں نہیں جائیں گی اور مقبوضہ کشمیر بھارتی چنگل سے آزاد ہو گا ۔سابق وزیراعظم آزادکشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ سید علی گیلانی نے مشکل حالات کے دوران تحریک آزادی کو لیڈ کیا ۔انہوں نے بیماری کی حالت میں بھی تحریک کو لیڈ کیا ،بھارت نے 5 اگست کے اقدامات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے کی کوشش کی مگر وہ اس میں ناکام رہا ،ہمیں کبھی تحریک آزادی کو کمزور نہیں ہونے دینا جم کر تحریک آزادی کیلیے کھڑا رہنا ہے اجتماعی کوششیں جاری رکھنی ہیں سیاسی اور سفارتی طور پر متحرک رہنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں جعلی ڈومیسائل ایشو کیے ہیں اور وہ مقبوضہ کشمیر میں جعلی انتخابات منعقد کروانا چاہتا ہے مگر اسے ناکامی ہو گی ،مسئلہ کشمیر کا تعلق پاکستان کے دفاع کے ساتھ ہے اور اسکا تعلق پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے ساتھ ہے اس لیے ہمیں بہت متحرک رہنا ہو گا مسئلہ کشمیر پر قومی کشمیر پالیسی تشکیل دی جائے تاکہ ہم ملکر آگے بڑھیں ۔چیئرمین ڈیفنس کمیٹی فتح اللہ خان میاں خیل نے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ امیر جماعت اسلامی آزادکشمیر ڈاکٹر راجہ مشتاق نے سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کیا ،سید علی گیلانی ایک نظریے اور جدوجہد کا پیکر ہیں ،وہ ایک نکتہ نظر کی وجہ سے بھارت کے عقوبت خانے میں رہے ،ان کو علاج معالجے کی سہولت مہیا نہیں کی گئی مگر ان کے پائے استقلال میں لغزش نہیں آئی ،وہ حق خودارادیت پر ڈٹ کر کھڑے رہے ،وہ سہہ فریقی مذاکرات کے حامی تھے چاہتے تھے کہ مذاکرات کے عمل میں کشمیری بھی شامل رہیں ،بھارت ایک قابض اور جارح قوت ہے ۔سید علی گیلانی نے جدوجہد آزادی کشمیر میں بڑا اہم کردار ادا کیا انشااللہ ان کا مشن پورا کیا جائے گا ۔حریت کانفرنس کے سابق کنونئیر محمود احمد ساغر نے کہا کہ ہم سید علی گیلانی کے ساتھ جیلوں میں بھی رہے اور باہر بھی ،سید علی گیلانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن پر قائم رہا جائے ،ان کی خواہش تھی کہ انہیں مزار شہدا میں دفن کیا جائے مگر بھارتی فوج نے اسکی اجازت نہیں دی ۔انہوں نے کہا کہ جو حق پر ہیں وہ کامیاب ہونگے ،ایک لاکھ سے زائد شہدا نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیا اور تحریک آزادی کو جاری رکھا ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ دنیا کو کشمیر پر توجہ دینی چاہیے ،اور بھارتی فوج کے مظالم بند کروانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔تقریب کے اختتام پر شہدا کشمیر کے درجات کی بلندی اور پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کیلیے دعا کی گئی ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے