پشاور (صباح نیوز)مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹرمحمد علی سیف نے کہا ہے کہ 9 مئی کے ڈرامے پر جعلی حکومت کو مستعفی ہو کر پی ٹی آئی سے معافی مانگنی چاہیے، نالائق ٹولے کے پاس میڈیا میں زندہ رہنے کے لئے 9 مئی اور بانی پی ٹی آئی کے سوا کچھ نہیں ۔لیگی رہنما احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ احسن اقبال سمیت تمام لیگی رہنما جب میڈیا سے آئوٹ ہوجاتے ہیں تو 9 مئی پر بیان داغ دیتے ہیں، 9 مئی کے ڈرامے پر جعلی حکومت کو مستعفی ہو کر پی ٹی آئی سے معافی مانگنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 9 مئی کا منہ توڑ جواب عوام نے 8 فروری کو پی ٹی آئی پر اعتماد کر کے دیا تھا، احسن اقبال سمیت تمام قائدین فارم 47 اور الیکشن کمشنر کے سہارے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں۔صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہزار بار کہا ہے کہ 9 مئی پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے اس لئے جوڈیشل کمیشن نہیں بنا رہے، جوڈیشل انکوائری سے واضح ہوجائیگا کہ 9 مئی کے اصل محرکات کیا تھے۔بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ 9 مئی پی ٹی آئی کے خاتمہ کی سازش تھی جو شرمندہ تعبیر نہ ہوئی، مخالفین کی سازش کے بعد پی ٹی آئی مزید مضبوط ہوئی، تحریک انصاف اقتدار میں آ کر 9 مئی کے سازشیوں کو بے نقاب کرے گی۔
