لاہور (آن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدر شیخ امتیاز کی گرفتاری کے معاملے پر آئی جی پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور اور سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری محمد اقبال نے شیخ امتیاز کی اہلیہ صائمہ امتیاز کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی۔درخواست گزار کی طرف سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔ درخواست گزار کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ شوہر کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں اور نہ وہ کسی مقدمہ میں ملوث ہیں، پولیس نے شوہر کی سیاسی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے غیر قانونی گرفتار کر لیا۔درخواست میں کہا گیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ نے حقائق کے برعکس شوہر کا ریمانڈ منظور کیا۔ عدالت میں آئی جی نے اپنی رپورٹ میں جھوٹ بولا اور غلط بیانی کی، عدالت غلط بیانی کرنے اور جھوٹ بولنے پر آئی جی پنجاب پولیس کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔جسٹس چودھری محمد اقبال نے ریمارکس میں کہا کہ اگر ثابت ہوا کہ رپورٹ دانستہ غلط دی گئی تو توہین عدالت کی کارروائی کروں گا۔بعد ازاں عدالت نے درخواست پر سماعت 9 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
