روم میں 1700 سال پُرانی عمارت پر بجلی گری ہے جس کے نتیجے میں اُسے شدید نقصان پہنچا ہے۔ یہ عمارت، جو آرک آف کونسٹنٹائن کہلاتی ہے، مِلوین برج کے معرکے کے بعد میگزینٹیس پر شہنشاہ کونسٹنٹائن کی فتح کے جشن کے طور پر تعمیر کرائی گئی تھی۔
بجلی گرنے سے اس عمارت کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے کام شروع کردیا گیا ہے۔ کولوزیم آرکیولوجیکل کمپلیکس میں مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے۔ سیکڑوں کاری گروں کو ضروری ساز و سامان کے ساتھ کام پر لگایا گیا ہے۔ بجلی گرنے سے عمارت کے جو ٹکڑے گرے تھے اُنہیں واپس اپنے مقام پر لگایا جارہا ہے۔
روم کی سیر کرنے والے سیاحوں کے لیے کولوزیم کے ساتھ ساتھ آرک آف کونسٹنٹائن بھی ایک اہم عمارت ہے جس کی سیر کرنا وہ نہیں بھولتے۔ یہ عمارت رومن سلطنت کے عہدِ زریں کی یادگار ہے۔ تب رومن سلطنت اپنے عروج پر تھی اور اِس کے بعد ہی اُس کا زوال شروع ہوا تھا۔

