اسلام آباد(آن لائن )اسلام آباد ہائی کورٹ نے جیل انتظامیہ کی جانب سے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیوں کو نہ ملنے دینے کے معاملے پر 18 جولائی کے عدالتی حکم پر نظر ثانی کی متفرق درخواست اور بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جیل انتظامیہ کے خلاف توہین عدالت کی درخواست
کو یکجاکردیاہے اورمزیدسماعت 13 ستمبرتک ملتوی کردی ہے اور فریقین کونوٹس جاری کرتے ہوئے جیل حکام سے جواب طلب کرلیاہے ۔ عدالت نے جیل انتظامیہ کی نظر ثانی کی درخواست کو توہین عدالت کے مرکزی کیس کے ساتھ یکجا کر دیا۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے اسٹیٹ کونسل عمر چودھری ایڈووکیٹ نے بانی پی ٹی آئی اور جیل انتظامیہ کے د رمیان طے شدہ ایس او پیز کا ریکارڈ عدالت میں پیش کیا۔ جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے سماعت کرتے ہوئے متفرق درخواست پر نوٹس جاری کیا اور کیس کی سماعت 13 ستمبر تک ملتوی کردی۔ عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور جیل انتظامیہ کے درمیان طے ہونے والے ایس او پیز کا ریکارڈ وکلا کو فراہم کرنے کی ہدایت بھی دی۔