فیصل آباد (جسارت نیوز) کسان بورڈ کے صدر سردار ظفر حسین خان نے کہا ہے کہ کسان بورڈ نے ملک بھر کے کسانوں کو جماعت اسلامی کا ممبر بنانے کے لیے سرگرمیوں کا آغاز کر دیا ہے، حافظ نعیم الرحمن کسانوں کو حقوق دلانے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، وطن عزیز کی زراعت سے وابستہ 70 فیصد آبادی حکومتی عدم توجہی کی وجہ سے بدترین معاشی مشکلات کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ملک کو واقعی ایشین ٹائیگر بنانا ہے تو حکومت کو زراعت اور صنعت کی طرف فوری توجہ دینا ہو گی، آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے قرضوں سے ملک نہیں چلے گا، پانی کی کمی کی وجہ سے قابل کاشت رقبہ تیزی سے کم ہو رہا ہے، بھارت دھڑا دھڑ ڈیم بنا کر پاکستان کو بنجر بنانے کے منصوبے پر کار بند ہے، بھارت نے پاکستانی دریائوں پر 65 ڈیم بنا لیے ہیں جبکہ ہمارے حکمران اور بیورو کریسی تھر اور چولستان میں بدترین قحط سالی سے سیکڑوں انسانی جانوروں کے ضیاع کے باوجود ہوش میں نہیں آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی آبی جارحیت کی وجہ سے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، حکمران فوری پانی کے ذخائر تعمیر کرنے کی طرف توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ زمینوں کی دیکھ بھال کے لیے کسانوں کے پاس وسائل نہیں، زرعی مداخل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور پانی، کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی عدم دستیابی نے کسانوں کے لیے نئی فصلوں کی کاشت مشکل بنا دی ہے۔
