حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ایم کیو ایم حیدرآباد ڈسٹرکٹ جوائنٹ انچارج و رکن سندھ اسمبلی راشد خان ایڈووکیٹ نے حیدرآباد میں سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے تاجروں و کاروباری حضرات کو ناجائز طور پر تنگ کرنے انہیں کاروبار بند کرنے پر مجبور کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سندھ حکومت اور صوبائی وزیر خوراک سے فوری طور پر ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سندھ فوڈ اتھارٹی نے حیدرآباد میں کاروباری و تجارت پیشہ لوگوں کا جینا حرام کیا ہوا ہے انہیں مختلف حلیہ بہانوں سے تنگ کیا جاتا ہے افسران کی جیبیں گرم نا کرنے پر انکے کاروبار کو نقصان پہنچانے کے علاوہ انکی ساکھ خراب کی جاتی ہے بغیر کسی وارننگ کے تیس چالیس افراد کی ٹیم کے ساتھ چھاپے مارے جاتے ہیں اور انہیں ہراساں کیا جاتا ہے انکا فروخت کے لیے تیار سامان و دیگر چیزوں کی لوٹ مار کے علاوہ بھاری جرمانوں کا ڈرا کر ان سے رشوت وصول کی جاتی ہے حیدرآباد شہر قاسم آباد میں کاروباری و تجارتی لوگوں کے ساتھ سندھ فوڈ اتھارٹی کے عملے نے سیٹنگ کی ہوئی ہے اور جو انکے ساتھ سیٹنگ نا کرے اسے کاروبار کے لئے اتنی مشکلات پیدا کر دی جاتی ہیں کہ وہ کاروبار بند کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں ۔
