English Al Qamar Urdu جون 27, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

متحدہ عرب امارات جدید ترین امریکی طیارے F-35 خریدنے کے لیے بے تاب

متحدہ عرب امارات کی حکومت نے امریکا سے جدید ترین F-35 لڑاکا طیارے خریدنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ یہ طیارے متعدد جدید ترین ٹیکنالوجیز سے آراستہ ہیں اور راڈار کو دھوکا دینے کی اہلیت بھی رکھتے ہیں یعنی اسٹیلتھ ٹیکنالوجی سے بھی مزین ہیں۔

متحدہ عرب امارات نے اپنی دفاعی صلاحیت میں اضافے کے لیے یہ طیارے پہلے بھی حاصل کرنے کی کوشش کی تھی۔ اس حوالے سے ایک بڑی ڈیل مکمل بھی ہونے والی تھی۔ یہ ڈیل 35 ارب ڈالر کی تھی۔ موجودہ ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ جب صدر تھے تب یہ معاہدہ ہوتے ہوتے رہ گیا تھا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پہلے دورِ صدارت کے آخری ایام میں کوئی سبب بتائے بغیر یہ معاہدہ منسوخ کردیا تھا۔

35 ارب ڈالر کے اس اہم دفاعی معاہدے کی تنسیخ کے حوالے سے بہت سے سوالات اٹھے تھے مگر ٹرمپ انتظامیہ کوئی جواب دینے کی پوزیشن میں نہیں تھی۔ اس حوالے سے میڈیا نے بھی شور مچایا تھا اور کانگریس میں بھی اعتراضات کیے گئے تھے۔

اب یو اے ای کی حکومت نے کہا ہے کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ دوبارہ صدر منتخب ہوئے تو امریکا سے جدید ترین لڑاکا طیارے حاصل کرنے کے لیے ڈیل کو بحال کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ یو اے ای نے بائیڈن انتظامیہ سے بھی اس سلسلے میں بات چیت کی تھی تاہم بات بن نہیں پائی تھی اور اس کا بھی کوئی سبب بیان نہیں کیا گیا تھا۔

امریکا کے یہ طیارے مشرقِ وسطیٰ میں صرف اسرائیل کے پاس ہیں۔ یو اے ای کی حکومت تیزی سے بدلتے ہوئے علاقائی اور عالمی حالات کے تناظر میں اپنی دفاعی صلاحیت و سکت کا گراف بلند کرنا چاہتی ہے اور اس کے لیے جدید ترین ہتھیاروں اور ساز و سامان کا حصول جاری ہے۔ امریکا کے F-35 طیاروں کے ساتھ مسلح ڈرونز کا معاہدہ بھی متوقع تھا جو نہ ہوسکا۔ اب یو اے ای طیاروں اور مسلح ڈرونز کے لیے دوبارہ رابطے کر رہی ہے تاکہ جلد از جلد ڈیل کو حتمی شکل دی جاسکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے