English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اسرائیلی قبضے کو 12 ماہ میں ختم کیا جائے،اقوام متحدہ ،قرار داد منظور

نیویارک :اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین پر اسرائیل کے قبضے کے خلاف رائے شماری کا نتیجہ آویزاں ہے
نیویارک :اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطین پر اسرائیل کے قبضے کے خلاف رائے شماری کا نتیجہ آویزاں ہے

نیویارک،ریاض(صباح نیوز)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں فلسطین کے حق میں قرار داد منظور کرلی گئی اور اسرائیل کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ ایک سال کے اندر فلسطینی علاقوں سے قبضہ ختم کرے۔غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان اور ترکیہ کی مشترکہ کاوشوں سے پیش کی گئی قرارداد کے حق میں 124ممالک نے ووٹ دیا جبکہ 14ممالک نے مخالفت کی اور43ممالک نے کے اراکین نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل ایک سال کے اندر غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں سے قبضہ ختم کرے۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسرائیل کے سفیر ڈینی ڈینن نے قرارداد کی منظوری پر اپنے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے شرمناک فیصلہ قرار دیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کے اقدامات فلسطین میں موجود دہشتگردوں کی سیاسی پشت پناہی کرنے کے مترادف ہیں۔اسرائیلی سفیر نے کہاکہ جنرل اسمبلی کو چاہیے تھا کہ وہ یرغمال ہونے والے 101شہریوں کی بازیابی کا مطالبہ کرتی لیکن 7 اکتوبر کے قتل عام کا ایک برس مکمل ہونے سے قبل ان لوگوں کو پشت پناہی فراہم کی جارہی ہے۔دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ فلسطینی ریاست کے قیام تک ہم اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کریں گے۔عرب میڈیا کے مطابق بدھ کو ریاض میں سعودی مجلس شوری کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خصوصی شرکت کی۔ سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ فلسطینی قوم کے خلاف اسرائیل کی سنگین حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، مسئلہ فلسطین سعودی عرب کی ترجیحات میں سر فہرست ہے۔سعودی ولی عہد نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے والے ممالک کے شکر گزار ہیں، سعودی عرب فلسطینی ریاست کے قیام کی کوششوں کیلیے راہیں ہموار کر رہا ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ فلسطینی ریاست کے قیام تک ہم اسرائیل سے تعلقات قائم نہیں کریں گے۔قبل ازیں غزہ میں حماس کے بچھائے ایک جال میں پھنس کر اسرائیلی فوج کے 4 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوجی کے ترجمان نے ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 23 سالہ ڈپٹی کمانڈر ڈینیئل میمون ٹواف، 20 سالہ اسٹاف سارجنٹ اگم نعیم، 21 سالہ امیت بکری اور 21 سالہ دوتن شمعون ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ اس واقعے میں ایک افسر اور 4 سپاہی شدید زخمی ہوگئے جن میں سے افسر اور دو سپاہیوں کی حالت نازک ہے۔ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔بیان کے مطابق حماس نے ایسا ظاہر کیا کہ وہ بھاری اسلحے کے ساتھ ایک عمارت میں چھپے ہوئے ہیں جن کی گرفتاری کے لیے جانے والی ٹیم جیسے ہی عمارت میں داخل ہوئی، حماس نے عمارت کو دھماکے سے اُڑا دیا۔ممکنہ طور پر اسرائیل نے اس عمارت میں بارودی مواد چھپایا ہوا تھا اور جیسے ہی اسرائیلی فوجی اندر داخل ہوئے۔ حماس نے دھماکا کردیا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک خاتون فوجی بھی شامل ہیں۔غزہ میں داخل ہونے کے بعد سے اسرائیل کی برّی فوج اور حماس کے جنگجوئوں کے درمیان دوبدو جنگ جاری ہے جن میں ہلاک ہونے والے اسرائیلی فوجیوں کی تعداد 348 ہوگئی۔یاد رہے کہ 7 اکتوبر سے اسرائیل نے غزہ میں وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے جس میں 41 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور 92 ہزار کے قریب زخمی ہوچکے ہیں۔اسرائیلی بمباری میں شہید اور زخمی ہونے والوں میں نصف تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جب کہ نصف آبادی بے گھر ہوگئی اور پناہ گزین کیمپوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے