
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکی ریاست الاباما میں حملہ آوروں کی فائرنگ کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق پولیس افسر ٹرومین نے میڈیا کو بتایا کہ برمنگھم کے فائیو پوائنٹس ساؤتھ ڈسٹرکٹ میں رات 11 بجے کے بعد حملہ آوروں کے گروہ نے راہگیروں پر گولیاں چلادیں۔ افسران کو 2مرد اور ایک خاتون بے جان حالت میں فٹ پاتھ پر ملی ،جنہیں جائے وقوع پر ہی مردہ قرار دے دیا گیا۔ چوتھے متاثرہ شخص کی موت مقامی اسپتال میں ہوئی۔ فائرنگ میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جس میں 4کی حالت تشویشناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے فائرنگ کے سلسلے میں کسی کو حراست میں نہیں لیا ہے،جب کہ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ایسی معلومات فراہم کریں جن سے تحقیقات میں مدد مل سکے۔ تحقیقات میں مختلف ایجنسیاں بھی شامل ہیں جن میں فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن اور بیورو آف الکوحل، ٹوبیکو، فائر آرمز اینڈ ایکسپلوزوز خیز مواد شامل ہیں۔ گن وائلینس آرکائیو کے مطابق رواں برس امریکا میں فائر ئنگ کے 403 واقعات میں کم از کم 12 ہزار 416 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔امریکا میں فائرنگ سے ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ اسلحہ رکھنے سے متعلق کمزور قوانین ہیں ،تاہم اس سلسلے میں صدر جوبائیڈن سمیت ریاستی حکومتیں بھی قانون سازی کرنے میں ناکام ہیں۔
