
حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کے تحت مختلف زونزلطیف آباد زون A لطیف آباد نمبر8، زون آفندی ٹائون پنجرا پول چوک ، زون پھلیلی پریٹ آباد، زون شمالی کالی موری چوک ، زون حالی روڈ امریکن کواٹر میں عام افراد کو جماعت اسلامی کا رکن بنانے کے لیے رکنیت سازی کیمپ لگائے گئے ، کیمپ کا افتتاح امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے کیا، اس موقع پر سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالوحید قریشی ، یوسی 124کے چیئرمین آفاق نصر، ناظمین زونز عامر فاروق ، جاوید اخلاق ، ساجد قریشی ، نصیر الدین ناصر، ظہیر الدین شیخ سمیت کارکنان موجود تھے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان شہر کے مختلف کاروباری ،مارکیٹوں میں گئے اور دکانداروں اور عام افراد کو جماعت اسلامی کا پیغام پہنچایا اور انہیں جماعت اسلامی کا ممبر بنانے کے لیے قائل کیا ۔ امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد عقیل احمد خان نے رکنیت سازی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے پورے پاکستان میں رکنیت سازی مہم شروع کر رکھی ہے،قوم کرپٹ نظام سے چھٹکارا حاصل کرنے کیلیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔حکومت بجلی کی قیمتوں میں کمی اور آئی پی پیز کیساتھ معاہدوں کو ختم کرے۔انہوں نے کہا کہ ظالم حکمرانوں سے نمٹنے کے لیے اب صرف جماعت اسلامی ہی آپشن ہے، عوام جماعت اسلامی کا رکن بنیں ، رکنیت سازی کے ذریعے جماعت اسلامی کے ظالمانہ نظام کے خلاف طاقتور، توانا، تاریخی مضبوط آواز میںشامل کرکے مزید تقویت دینا ہے، یہ رکنیت سازی ظالمانہ نظام کے خلاف ریفرنڈم ہے ،یہ رکنیت سازی بے امنی، بے روز گاری، مہنگائی ،لوڈ شیڈنگ، بجلی ،گیس ،پٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور ہرقسم کے ظالمانہ ٹیکسز اور آئی پی پیز کے خلاف تحریک کو مزید آگے بڑھانے کیلیے صف بندی ہے، انہوں نے عوام سے بھرپور حصہ لینے کی اپیل کی۔
