امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو اپنی ریاست میں رہنے کا حق ملنا چاہیئے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بطور امریکی صدر اپنے آخری خطاب کے دوران بائیڈن نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی معاہدے کی فوری ضرورت ہے اور مشرق وسطیٰ میں جنگ کی توسیع کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔
صدر بائیڈن نے کہا کہ ہر ملک کا حق ہے کہ وہ اپنے تحفظ کو یقینی بنائے، دنیا کو 7 اکتوبر کے ہولناک واقعات کو بھولنا نہیں چاہیے۔ دو ریاستوں کا قیام ہی مسئلہ فلسطین کا واحد حل ہے، فلسطینیوں کو اپنی ریاست میں رہنے کا حق ملنا چاہیے۔
صدر بائیڈن نے غزہ کی موجودہ صورتحال کو خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی فوری ضرورت ہے۔ حالیہ جنگ کے باعث ہزاروں شہری متاثر ہوئے ہیں اور اسرائیلی قیدیوں کے اہلخانہ بھی سخت مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکا سلامتی کونسل کی توسیع کے حق میں ہے، اقوام متحدہ کو عالمی امن قائم کرنے کی اپنی بنیادی ذمہ داری کی طرف واپس آنا ہوگا۔
بائیڈن کا کہنا تھا مصنوعی ذہانت نے ہماری زندگیوں میں انقلابی تبدیلیاں لائی ہیں اور اس ٹیکنالوجی کا استعمال ذمہ داری سے کرنا چاہیے۔ انہوں نے عالمی قوانین کے قیام کی ضرورت پر زور دیا تاکہ مصنوعی ذہانت کو اچھے اور برے دونوں کاموں کے لیے درست طریقے سے استعمال کیا جا سکے۔

