نواب شاہ (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری نصر اللہ گورائیہ نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ پوری قوم متحد ہو کر کرپٹ حکمران ٹولے سے اپنی جان چھڑائے، عوام کو سنہرے خواب دکھانے والے ن لیگ اور پی پی کے دور میں 3 کروڑ 70 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہیں، 10 کروڑ لوگوں کو پینے کے لیے پانی میسر نہیں، کروڑوں لوگوں کو پیٹ بھر کر کھانا نصیب نہیں، علاج معالجہ اتنا مہنگا ہے کہ غریب لوگ تڑپ کر جان دے دیتے ہیں۔ وہ ممبر سازی مہم کے حوالے سے جماعت اسلامی کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آئی پیز کمپنیوں کے مالک حکومت میں بیٹھے ہیں، 30 روپے یونٹ والی بجلی پر حکومت 40 اور 50 روپے ٹیکس وصول کر رہی ہے، لوٹ مار کا بازار گرم، مہنگی بجلی کی وجہ سے لوگ خود کشیاں کر رہے ہیں، پی پی، ن لیگ اور تحریک انصاف آرمی چیف کی ایکسٹینشن، سود کو برقرار رکھنے اور آئی ایم ایف کے پاس جانے کے لیے ایک ہو جاتی ہیں، قوم کو سوچنا ہے کہ ان کے بچوں کو جو سہولیات بلاول زرداری، مریم نواز اور آصفہ بھٹو کو حاصل ہیں، ملنی چاہییں یا نہیں، بنگلہ دیش میں حسینہ واجد کا حکم چلتا تھا جس کو چاہے پھانسی دے دے، کسی کو قتل اور کسی کو غائب کر دیا، ظلم کے نظام کے خلاف جب نوجوان طلبہ میدان میں نکلے تو اسے فرار کے وقت اپنا سامان بھی ساتھ لے جانے کی مہلت نہ مل سکی۔
