English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پرائیویٹ اسکولز تعلیم کی دوڑ میں سرکاری اسکولز سے آگے ہیں،سعید قریشی

القمر

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)دسویں جماعت کے سالانہ نتائج نے ثابت کردیا کہ پرائیویٹ اسکولز تعلیم کی دوڑ میں سرکاری اسکولز سے آگے ہیں، پاکستان پرائیویٹ اسکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدر سعید محبت علی قریشی نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے تحت دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے جس میں 9 اضلاع شامل ہیں لیکن افسوس کا مقام ہے کہ حیدرآباد سمیت تمام اضلاع میں سے کوئی ایک سرکاری اسکول کا طالب علم ایسا نہیں جس نے ٹاپ تھری تو دور ٹاپ ٹین میں بھی اپنی جگہ نہ بنا سکا۔انہوں نے تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے چیئرمین اور ناظم امتحانات کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بنا کسی لالچ اور دباؤ کے میرٹ کی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا اور پوزیشن حاصل کرنے والے پرائیویٹ اسکولز کے طلبا کو بورڈ آفس میں مدعو کر کے ان کی حوصلہ افزائی کی۔سعید قریشی کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت تعلیمی نظام کی بہتری کے محض دعوے کرتے دکھائی دیتی ہے مگر عملی طور پر آج تک کسی سرکاری اسکول میں کوئی ایسا اقدام نہیں جو تعریف کے قابل ہو، دسویں جماعت کے سالانہ نتائج میں پرائیویٹ اسکولز کی کارکردگی نے ثابت کردیا ہے کہ وہ بچوں کی تعلیم وتربیت میں سرکاری اسکولز سے آگے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ سرکاری اسکولز میں اعلیٰ تعلیم اور سہولیات کا دعویٰ کر کے پرائیویٹ اسکولز کو دیوار سے لگانے کی سازشوں میں مصروف ہیں جس کے لیے مختلف اوچہے ہتھکنڈے استعمال کر کے پرائیویٹ اسکولز انتظامیہ کو حراساں کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے، ہم ان کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور بچوں کے مستقبل کے لیے ہر سطح پر آواز بلند کرتے رہیں گے۔ڈویژنل صدر نے وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ جس طرح سرکاری اسکولز کو بورڈ کی فیسیں معاف ہیں اسی طرح پرائیویٹ اسکولز کو بھی کچھ کوٹہ دیا جائے کیونکہ تعلیمی میدان میں پرائیویٹ اسکولز ایک اہم کردار ادا کررہے ہیں، اگر یہ پرائیویٹ اسکولز نہ ہوتے تو سندھ کا تعلیمی نظام کہاں کھڑا ہوتا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے