بیروت : لبنان کی حزب اللہ نے اسرائیل کے بندرگاہی شہر حیفہ اور مرکزی شہر تل ابیب کے قریب ایک فوجی اڈے پر راکٹ حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے ساتھ سرحد پر اسرائیلی اجتماعات اور مقامات کے خلاف حملے جاری رکھے ہوئے ہے اور لبنانی علاقوں میں پیش قدمی کرنے کی اسرائیلی دشمن کی کوششوں کو پسپا کرنے کے لیے لڑائیوں میں آگے بڑھ رہی ہے ۔
گزشتہ نصف شب سے کچھ دیر پہلے، حزب اللہ کے ملٹری میڈیا نے تل ابیب پر میزائل حملے کا اعلان کیا، جو کہ 23 ستمبر کو لبنان پر اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد سے صہیونی ادارے کے مرکز کو نشانہ بنانے والا تیسرا حملہ تھا۔
ایک بیان میں، گروپ نے کہا کہ “لبیک یا نصراللہ” کے نعرے کے ساتھ، اسلامی مزاحمت نے مضافات میں واقع اسرائیلی ملٹری انٹیلی جنس یونٹ 8200 کے گیلیلوٹ اڈے کو نشانہ بنانے والے میزائلوں کا ایک سالو لانچ کیا ۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب میں اسرائیلی انٹیلی جنس یونٹ اور شمالی اسرائیل کے مختلف علاقوں میں میزائل اور راکٹ حملوں سے فوجیوں کو نشانہ بنایا اور 190 راکٹ داغے ہیں ۔ تل ابیب میں موساد ہیڈکوارٹرز کے ساتھ واقع انٹیلی جنس یونٹ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔
جبکہ اسرائیل نے حزب اللہ کے جانب سے داغے گئے راکٹ میں سے کچھ کو مار گرانے اور باقی خالی علاقے میں گرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
اسی طرح یمن سے حوثیوں نے تل ابیب پر بیلسٹک میزائل داغنے کا دعویٰ کیا ہے جس کے بعد بن گورین ائیرپورٹ عارضی طور پر بند کیا گیا تھا ، یہ میزائل حملہ گزشتہ رات کیا گیا ہے ۔
گزشتہ رات کو اسرائیلی فورسز کی تازہ بمباری میں غزہ کی پٹی میں کم از کم 77 افراد کو شہید ہو گئے ، انکلیو میں صہیونی فورسز کی دہشت گردی آئے روز بڑھتی جا رہی ہے ، اقوام متحدہ اس جنگ کو روکنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔
واضح رہے کہ غزہ میں اکتوبر 2023 سے اب تک اسرائیلی حملوں میں کم از کم 41,909 افراد شہید اور 97,303 زخمی ہو چکے ہیں۔ اسرائیل میں 7 اکتوبر کو حماس کے زیر قیادت حملوں میں کم از کم 1,139 افراد ہلاک اور 200 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا گیا تھا۔

