دادو (نمائندہ جسارت ) ضلع کونسل دادو کا عام اجلاس چیئرمین سید محمد شاہ کی صدارت میں شہید مخدوم بلاول ہال میں منعقد ہوا۔اس موقع پر پچھلے اجلاس کی کاروائی کی منظوری، ضلع کاؤنسل کی کمیٹیاں تشکیل دینے، کونسل کے ممبران اور ملازمین کے عمرہ کے بارے میں پالیسی بنانے، ارسا کے مجوزہ قانون پر غور و فکر، نئے شاپنگ مال کے نام اور تعمیر سمیت دیگر قراردادوں پر غور کیا گیا۔اجلاس کے دوران ضلع کونسل کے ممبران نے مجوزہ ارسا ایکٹ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سندھ دشمن سازش قرار دیا اور کہا کہ ارسا ایکٹ میں تبدیلی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔مزید برآں اجلاس کے دوران ضلع کے ہر تحصیل سے دو دو ممبران اور 5 ملازمین سمیت کل 13 افراد کے عمرہ کے لیے قرعہ نکالا گیا۔ منتخب ہونے والوں میں ضلع کونسل کے ممبران شہزاد علی بھنڈ، علی اصغر برہمانی، مسمات حاکم زادی، سہیل احمد گورڑ، مسمات زرینہ ممتاز بیگم، ظفر علی مگری، جان محمد سولنگی، نذیر احمد لغاری اور ملازمین میں محمد صفر میمن، آفتاب احمد کورائیجو، ذوالفقار ملاح، وحید علی پنہور اور شعیب الرحمن شیخ شامل ہیں۔اجلاس میں ضلع کونسل کے کاموں کے لیے سوشل ویلفیئر، پبلک ہیلتھ، میڈیکل ہیلتھ، ایریگیشن، ریونیو، اور ترقیاتی انفرااسٹرکچر سمیت 5/5 ممبران پر مشتمل 9 کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔اس کے علاوہ ممبران نے مختلف مسائل پر اپنے تجزیات پیش کیے اور چیئرمین ضلع کونسل کو آگاہ کیا تاکہ مسائل پر توجہ دی جا سکے۔اجلاس میں وائس چیئرمین شیر محمد چانڈیو سمیت ضلع کونسل کے دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔
