
نوشہروفیروز (نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز محمد ارسلان سلیم نے کہا ہے کہ ضلع میں 28 اکتوبر سے شروع ہونے والی سات روزہ قومی انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانا اور 5 سال تک عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ ملک و صوبے کے مختلف علاقوں میں پولیو کے کیسز کے پیش نظر اپنے بچوں کو پولیو جیسی خطرناک بیماری سے بچانے کیلیے انسداد پولیو مہم کے دوران گھر گھر آنے والی پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اپنے 5 سال تک عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔ڈپٹی کمشنر نے محکمہ صحت کے افسران کو انسداد پولیو مہم کے سلسلے میں پولیو ٹیموں کی تربیت اور مائیکروپلان کی تیاری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں پولیو ٹیموں کے جاری تربیتی پروگرام اور مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی نگرانی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ مہم کے دوران ویکسین کی افادیت برقرار رکھنے کے لئے ضروری انتظامات کئے جائیں۔اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر غلام قادر چانڈیو اور ڈسٹرکٹ فوکل پرسن برائے پولیو ڈاکٹر وجے کمار نے بتایا کہ مہم کے دوران ضلع کے 3 لاکھ 42 ہزار 312 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے اور تمام بچوں کو وٹامن اے بھی دی جائیگی اس مقصد کیلیے 1 ہزار 25 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 893 موبائل، 18 ایس ایم ٹی، 73 فکس اور 41 ٹرانزٹ پوائنٹ ٹیمیں شامل ہیں۔
