English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ضلع میں کوئی راستہ محفوظ نہیں،شہری خوف میں مبتلا ہیں

القمر

سکھر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع گھوٹکی مفتی محمد یوسف مزاری نے کہا ہے کہ ضلع میں کوئی راستہ محفوظ نہیں، شہری خوف کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، ضلع کی اپوزیشن سیاسی جماعتیں پی ٹی آئی، جے یو آئی، جماعت اسلامی، فنکشنل لیگ، تحریک لبیک، سنی تحریک، ایس ٹی پی، قومی عوامی تحریک، ایس یو پی، پیپلز پارٹی شاہد بھٹو اور دیگر چھوٹی بڑی جماعتیں متحد ہو کر لائحہ عمل بنائیں، ایک مضبوط تحریک شروع کریں، حکمرانوں کو امن قائم کرنے پر مجبور کریں، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ضلع گھوٹکی میں اپوزیشن کا کوئی وجود نہیں، پی پی حکومت نے تمام بااثر لیڈروں کو پی پی میں شامل کر رکھا ہے، حکمران جماعت اپنی کرپشن پھیلانے میں مصروف ہے، انہیں عوام کی کوئی پروا نہیں۔ضلع گھوٹکی میں ریاستی رٹ کمزور نہیں بلکہ مکمل طور پر تباہ، جرائم پیشہ افراد کے راج میں ہر شہری خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہا ہے- شہری جرائم پیشہ افراد سے خوفزدہ ہیں لیکن اب پولیس کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کے بعد شہریوں کے لیے خوف کی علامت بنتی جا رہی ہے۔ شہریوں سے لوٹ مار اور بے امنی کی شدت سے ضلع کے چھوٹے بڑے شہروں کے بازار سنسان، کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کہا جاتا تھا کہ بے امنی ہے سورج غروب ہونے سے پہلے گھر پہنچ جائیں لیکن اب جرائم پیشہ عناصر نے دن رات کا فرق ختم کر دیا ہے، ایم این اے یا ایم پی اے نے امن و امان کی صورتحال کو سنجیدگی سے نہیں لیا، حالانکہ ہمارے این اے 198 اور پی ایس 18۔ تعلقہ اوباوڈو دھرکی کے امیدواروں نے انتخابی مہم میں امن و امان کا نعرہ لگایا تھا، امن و امان کے نعرے پر ووٹ ڈالتے ہوئے وہ اسمبلی پہنچے لیکن بدقسمتی سے الیکشن جیتنے کے بعد امن و امان ان کے بس میں نہیں رہا، موجودہ اے ایس پی حفیظ الرحمن بگٹی امن و امان کے قیام میں ایک پودا بھی نہیں لگا سکے، شہید نصر اللہ گوانی برکت اور عبداللہ لنڈ کے ایف آئی آر میں نامزد قاتل ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے۔ذرائع کے مطابق یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ضلع کی کئی سڑکوں کو پولیس نے حفاظتی مقاصد کے لیے جرائم پیشہ افراد کے حوالے کر دیا ہے، جیسے کہ گڈو روڈ چوک مار سے 35 کلومیٹر، رونتی روڈ 20 کلومیٹر، رتی روڈ 15 کلومیٹر، میرپور، جروار روڈ سے 30 کلومیٹر، داد لغاری روڈ، خانپور مہر روڈ مومل مار ولو مہر روڈ، غروب آفتاب کے بعد ان سڑکوں پر سفر کرنا اپنے آپ کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ خوف کے اس ماحول میں ضلع کی معیشت تباہ ہو چکی ہے، پولیس اہلکاروں کو بھی اغوا کیا جا رہا ہے، کچھی کا علاقہ مکمل طور پر نو گو ایریا بن چکا ہے، جہاں جرائم پیشہ افراد نے اپنی ریاست قائم کر رکھی ہے، جرائم پیشہ افراد ضلع کے کسی بھی علاقے سے کسی کو بھی باآسانی اغوا کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے