ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ایس ایچ او تعلقہ جابر حسین لاہوری ماتحت عملے کے ہمراہ معمول کی چیکنگ پر تھے کہ ان کا سامنا بھنگوار پکٹ کے نزدیک 2 مسلح ڈاکوئوں سے ہو گیا، پولیس پارٹی کی جانب سے للکارے جانے پر ملزمان نے پولیس پر سیدھی فائرنگ کر دی، کراس فائر کے بعد 2 ڈاکوؤں عبدالعلیم عرف بابا بروہی اور جاوید بروہی کوزخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پسٹل، گولیاں، اصغر بھٹی سے چھینی گئی موٹر سائیکل اور موبائل فون بھی برآمد ہوا ہے، زخمی ملزمان کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال روانہ کر دیا گیا ہے، گرفتار ڈاکو اس سے پہلے بھی ڈکیتی، رہزنی، اقدام قتل مقابلوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے جیسے سنگین نوعیت کے درجن بھر کیسوں میں ملوث تھے۔
