کراچی ( رپورٹ: محمد انور) حکومت سندھ نے کراچی کے ان ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کو ترقیاتی کاموں کے لیے فنڈز مہیا کرنے سے انکار کر دیا جس کے چیئرمینز کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔ فنڈز کی عدم فراہمی کے نتیجے میں متعدد شہری علاقوں میں ضروری نوعیت کے کام بھی نہیں ہو پارہے ہیں۔ ترقیاتی کام نہ ہونے کی وجہ سے علاقوں کے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے جبکہ جماعت اسلامی کے نمائندوں کو مسلسل بدنام بھی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ان تاثرات کا اظہار کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے جسارت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا ہے کہ اس صورت حال سے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ اور دیگر صوبائی حکام کو آگاہ بھی کیا ہے باوجود اس کے کوئی توجہ نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لوگ بخوبی جانتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کراچی کے ساتھ ہمیشہ کی طرح اب بھی وہی رویہ اپنائے ہوئے ہیں۔ٹاؤن چیئرمین نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود ٹاؤن میں بہتری کے لیے اقدامات کررہے ہیں، عوام ہماری کارکردگی سے مطمئن ہیں۔
