English Al Qamar Urdu جون 26, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

یحییٰ السنوار کی شہادت حماس کو مزید سرخرو کریگی‘ حافظ نعیم ،منصورہ میں غائبانہ نماز جنازہ

القمر

لاہو ر(نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ایکس پر جاری بیان میں کہا ہے کہ حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار نے بھی ناجائز اسرائیلی ریاست کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، شیخ احمد یاسین، عبدالعزیز رنتیسی اور اسماعیل ہنیہ کے بعد حماس کے شہید ہونے والے چوتھے سربراہ ہیں۔ بلاشبہ ان کی شہادت تحریک حماس کو مزید سرخرو کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے سرپرستوں کو یاد رکھنا چاہیے کہ شہادتوں کا یہ سفر اہل غزہ کو منزل کے قریب تر کر رہا ہے، شہدا کی قربانیوں سے ان شاء اللہ بیت المقدس آزاد ہو گا۔دریں اثناامیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر مختلف شہروں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد یحییٰ السنوار کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ میں بھی تحریک حماس کے سربراہ یحییٰ السنوار شہیدکی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی ، مرکزی رہنما حافظ محمد ادریس نے غائبانہ نماز جنازہ پڑھائی۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم ، شیخ القرآن مولانا عبدالمالک، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف و دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ غائبانہ نمازجنازہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا کہ تحریک حماس نے مزاحمت کی تاریخ رقم کر دی، شہدا کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور مسجد اقصیٰ صہیونیوں کے قبضے سے آزاد ہو گی، اسلامی دنیا کے حکمران خاموشی کا مظاہرہ کر کے اسرائیل اور امریکا کی عملاً حمایت کر رہی ہے جو کہ ناقابل معافی جرم ہے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ اسلامی دنیا اور بالخصوص اسلام آباد غزہ کے مظلومین کی مدد کے لیے عملی اقدام اٹھائے۔ یحییٰ السنوار کے اہل خانہ، اہل فلسطین اور حماس کے مجاہدین سے اظہار تعزیت کرتے ہیں، پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے