English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پی ٹی آئی کا 26 ویں آئینی ترمیم پر پارلیمانی ووٹنگ کے بائیکاٹ کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 26 ویں آئینی ترمیم کے معاملے پر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں رائے شماری کے مکمل بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا ہے۔

یہ فیصلہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اہم اجلاس میں کیا گیا، جہاں پارٹی قیادت نے آئینی عمل کو غیر شفاف اور متنازع قرار دیتے ہوئے اس کا حصہ نہ بننے کا اعلان کیا۔

پی ٹی آئی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آئینی ترامیم کے اس عمل کا حصہ نہیں بنے گی جسے غیر شفاف طریقے سے چلایا جا رہا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پارٹی کے تمام اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رائے شماری میں شرکت سے باز رہیں۔ جو بھی رکن پارٹی پالیسی کے برخلاف اس عمل میں شریک ہو گا، اس کے خلاف شدید احتجاج کیا جائے گا۔

اجلاس میں مزید کہا گیا کہ موجودہ حکومت کا آئین میں ترمیم کرنے کا کوئی جمہوری اور اخلاقی جواز نہیں ہے، اور ان ترامیم کے ذریعے آئین کو تبدیل کر کے جمہوریت کو سنگین نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی اس ترمیمی عمل کو “جمہوریت کے قتل” کے مترادف قرار دیتی ہے اور اس کی سختی سے مخالفت کر رہی ہے۔

پی ٹی آئی کے اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ کے کسی بھی ایوان میں ہونے والی رائے شماری کا حصہ نہیں بنے گی اور جو اراکین اس عمل میں شریک ہوں گے، ان کی رہائش گاہوں کے باہر دھرنے دیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ آج قومی اسمبلی اور سینیٹ میں 26 ویں آئینی ترامیم کی منظوری کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوں گے، جبکہ ان اجلاسوں سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہو گا، جس میں ترامیم کا مسودہ پیش کیا جائے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے