میرپورخاص (نمائندہ جسارت)ہندو پاکستانی کمیونٹی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن ہندو کمیونٹی کے مستحق اور ضرورت مندوں کا ہر گھڑی خیال رکھتی آرہی ہے۔ہندو یتیم بچوں کی تعلیمی کفالت ، مستحق جوڑوں کی شادی کروانا ،پینے کے پانی کے ناپید علاقوں میں ھینڈ پمپ اور آر او پلانٹ کے ذریعے وسیع پیمانے پر صحت بخش پانی کی فراہمی ، بارشوں اور سیلاب کے دوران پکاپکایا کھانا ،رہائشی خیمے اور وبائی و متعدی امراض سے بچاؤ کیلئے بڑی تعداد میں موبائل ہیلتھ یونٹ کے ذریعے طبی سہولیات کی بلا امتیاز فراہمی کامیاب کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے .الخدمت فاؤنڈیشن نیہمیشہ دکھی و غمزدہ انسانیت کی بلا امتیاز رنگ ،نسل و مذہب خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن میرپورخاص کے تحت ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے دو سو سے زائد ضرورت مند اور مستحق ہندو گھرانوں میں ان کے مذہبی تہوار دیوالی کے موقع پر خشک راشن و دیگر تحائف تقسیم کی سادہ مگر پروقار تقریب سے الخدمت فاؤنڈیشن کے مرکزی جنرل سیکرٹری ذکراللہ مجاہد ،الخدمت فاؤنڈیشن سندھ کے منارٹی ونگ کے ڈاکٹر شنکر لال مالہی ،جماعت اسلامی ضلع میرپورخاص کے سیکرٹر ی وسرپرست الخدمت فاؤنڈشن ضلع میرپورخاص ارسلان جاٹ ، مقامی امیر نور الٰہی مغل،ضلعی صدر عرفان قریشی و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مقررین نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ ریاستی اختیارات اور وسائل نہ ہونے کے باوجود معاشرے کے اہل خیر و صاحب ثروت افراد کے تعاون سے دیانت کے ساتھ پاکستان میں بلا امتیاز خدمت کا سب سے بڑا نیٹ ورک قائم کیا ہے۔تقریب میں آنے والے معززمہمانان گرامی کو سندھ کی روایتی اجرک پیش کی گئی۔
