وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ اقوامِ متحدہ سے اپیل ہے کہ فلسطین اور کشمیر کے مسلمانوں کو حق دلانے میں کردار ادا کرے۔
اقوامِ متحدہ سے منسوب دن پر اپنے پیغام میں وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ اقوامِ متحدہ امن، انسانی حقوق اور ترقی کے لیے امید کی کرن ہے، اس سے منسوب دن یک جہتی، امن، تعاون کی اہمیت کا اعادہ کرتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ اقوامِ متحدہ نے دنیا بھر میں غربت، جہالت اور نا انصافی کے خلاف جدوجہد کی ہے، پاکستان اقوامِ متحدہ کے بنیادی مقاصد سے گہری وابستگی رکھتا ہے،عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئےعالمی برادری کیساتھ تعاون کومستحکم کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذمے دار اور سرگرم رکن پاکستان نے ہمیشہ یو این کی قراردادوں کی پاسداری کی ہے،پاکستان اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم پر عالمی امن اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
