English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

غزہ میں ایک ہی خاندان کے 38 افراد شہید ،جنوبی کوریا میں اسرائیلی سفارتخانے پر دھاوا

غزہ اور لبنان میں مجاہدین سے جھڑپوں میں مارے جانے والے اسرائیلی فوجی
غزہ اور لبنان میں مجاہدین سے جھڑپوں میں مارے جانے والے اسرائیلی فوجی

غزہ/ تل ابیب/ بیروت /سیئول /قاہرہ (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک ہی خاندان کے 13 بچوں سمیت 38 افراد کو شہید کردیا۔ خلیجی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس کے علاقے المنارہ میں حملہ کرتے ہوئے 14 بچوں سمیت 38 افراد کو شہید کردیا جب کہ شہید ہونے والے 13 بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے ایک عمارت پر بم برسائے جس سے عمارت گرگئی اور آس پاس کی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جس سے شہادتیں ہوئیں‘ اسرائیلی فوج نے غزہ میں باقی ماندہ کام کرنے والے چند اسپتالوں میں سے ایک کمال عدوان اسپتال پر بھی حملہ کیا گیا اور پھر اسرائیلی افواج اسپتال کے اندر داخل ہوگئیں۔ دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی حملے اور حزب اللہ کے جوابی حملے جاری ہیں، گزشتہ روز اسرائیلی فوج کے ایک حملے میں 3 صحافی جاں بحق ہوئے جب کہ حزب اللہ کے ساتھ لڑائی میں 10 اسرائیلی فوجی بھی مارے گئے ہیں اور 24 زخمی ہوئے۔ جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیؤل میں نامعلوم افراد نے اسرائیلی سفارت خانے پر دھاوا بول دیا۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی وزارت خارجہ نے جنوبی کوریا کے درالحکومت سیئول میں اسرائیلی سفارت خانے پر نامعلوم افراد کی چڑھائی کے واقعے کی تصدیق کردی ہے۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے بتایا کہ نامعلوم افراد سیئول میں اسرائیلی سفارتخانے کی چھٹی کے دن داخل ہوئے، سفارتخانے کی املاک کو نقصان پہنچایا‘ یہودیوں کے مذہبی تہوار کی مناسبت سے سفارت خانہ بند تھا، واقعے میں کسی بھی سفارتی عملے کو نقصان نہیں پہنچا۔اسرائیلی فوج نے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور اخلاقی ضابطوں کی دھجیاں اُڑاتے ہوئے فلسطینیوں کے قیدیوں پر ظلم کی نئی تاریخ رقم کردی۔ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اسرائیلی فوجی کسی مشکوک عمارت میں داخل ہونے سے پہلے وہاں سراغ رساں کتے داخل کرتے تھے تاکہ کسی بم یا باوردی مواد کی موجودگی کا معلوم کرسکیں تاہم اب اسرائیلی فوجیوں نے ایک نیا حربہ استعمال کیا ہے جسے موسکیٹو پروٹوکول کا نام دیا گیا ہے۔اس طریقے میں اسرائیلی فوجی پہلے سے گرفتار شدہ فلسطینی نوجوانوں کو مشکوک عمارتوں اور سرنگوں میں داخل کرتے ہیں تاکہ اگر کوئی دھماکا یا حملہ ہو تو نشانہ فوجی نہیں بلکہ فلسطینی نوجوان بنیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ انسانی ڈھال بنائے جانے کے اس سفاکانہ عمل سے متعلق حال ہی رہا ہونے والے 5 فلسطینی نوجوان قیدیوں نے بتایا جس کی تصدیق ایک اسرائیلی فوجی نے بھی کی ہے۔ اسرائیلی فوجی نے بتایا کہ البتہ ایک بار انٹیلی جنس افسر کو نوجوان فلسطینی قیدیوں کو انسانی ڈھال بناتے دیکھا ہے۔ اس عمل کو موسکیٹو پروٹوکول کہتے ہیں۔ لبنان کے جنوبی علاقے میں اسرائیلی فوج کی جارحیت میں صحافت سے وابستہ 3 افراد شہید ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق المیادین ٹی وی نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں صحافیوں کی رہائش گاہ پر اسرائیلی حملے میں شہید ہونے والے 3 صحافیوں میں 2 ان کے ادارے میں ملازم تھے۔ صحافیوں کی تنظیم نے اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عمارت پر فضائی حملے سے قبل کوئی وارننگ جاری نہیں کی گئی تھی۔لبنان کے وزیر اطلاعات زیاد ماکاری کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے 3 صحافیوں کا قتل جنگی جرم ہے‘ حملے کی جگہ پر 18 صحافی موجود تھے جو 7 میڈیا اداروں سے وابستہ تھے۔ حماس نے جنگ بندی اور اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے لیے اسرائیلی فوج کے غزہ سے مکمل انخلا کی شرط لگادی۔عرب میڈیا کے مطابق مذاکرات کے لیے حماس کا وفد قاہرہ پہنچ گیا ہے۔قبل ازیں جنگ بندی مذاکرات کی بحالی کے سلسلے میں مصر کا سیکورٹی وفد حماس کے رہنما اسامہ حمدان سے ملاقات کے لیے پہنچا تھا۔حماس رہنما اسامہ حمدان نے لبنانی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حماس کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے، اسرائیل کو یرغمالی صرف اسی صورت میں واپس ملیں گے جب وہ غزہ پر اپنی جارحیت ختم کرکے فوج کا مکمل انخلا کرے گا۔ دوسری جانب امریکی وزیرخارجہ نے لبنانی وزیراعظم سے ملاقات کرکے موجودہ جنگی صورتحال پر گفتگو کی۔ اس سے پہلے دوحا میں قطری وزیر اعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان اور امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں نے امید ظاہر کی تھی کہ ثالثوں کی کوششوں سے حماس اور اسرائیل کے درمیان طویل وقفے کے بعد جنگ بندی مذاکرات کا سلسلہ جلد بحال ہو جائے گا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی مذاکرات میں اپنا وفد بھیجنے کی تصدیق کردی ہے، اسرائیلی وفد کی قیادت موساد کے سربراہ ڈیوڈ بارنی کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے