English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

منی لانڈرنگ کیس: پرویز الہی کو آئندہ سماعت پر ہرصورت پیش ہونے کا حکم

لاہور: منی لانڈرنگ کیس میں عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کو آئندہ سماعت پر ہر صورت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔

لاہور کی اسپیشل سینٹرل عدالت کے جج تنویر احمد شیخ نے چودھری پرویز الہی اور ان کے صاحبزادے مونس الہی و دیگر کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمے کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔

عدالتی حکم میں لکھا گیا کہ مقدمہ میں نامزد ملزم چودھری مونس الہی کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لیے ریڈ نوٹس انٹرنیشنل پولیس کو بھجوا دیا گیا، ایف آئی اے کے مطابق انٹرنیشنل پولیس کے پاس ریڈ نوٹس ریویو کے لیے موجود ہے۔

عدالت نے رہنما تحریک انصاف پرویز الہی کو پانچ نومبر کو ہرصورت عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا جبکہ مونس الہی کے شریک ملزم ضیغم عباس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔

عدالتی حکم میں لکھا گیا کہ ایف آئی اے نے مونس الہی سمیت 9 اشتہاری ملزمان کی جائیدادیں قرقی کے دورانیہ میں اضافے کی استدعا کردی، عدالت نے مزید قرقی میں اضافے پر ایف آئی اے سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی، عدالت نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا جبکہ زارا الہی کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔

یاد رہے کہ وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی اور سابق وفاقی وزیر چودھری مونس الہی سمیت دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کا چالان جمع کروا رکھا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے