اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئیں ۔
زرائع کے مطابق سینیٹر نے جینوا میں بین الاقوامی ادارے میں ملازمت اختیار کر لی جس کی وجہ سے انہوں نے سینیٹ کی نشست سے استعفیٰ دے دیا ہے ، ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے اپنا استعفیٰ سینیٹ سیکرٹریٹ کو بھجوا دیا ہے ۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر خیبر پختونخوا سے 2021 میں سینیٹر منتخب ہوئی تھیں ۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کے دورے حکومت میں وزیرِ اعظم پاکستان کی جانب سے احساس پروگرام کے چیئرپرسن کے طور پر مقرر کیا گیا تھا، جو غربت کے خاتمے اور کمزور طبقے کو سہارا دینے کے لیے پاکستان کا سب سے بڑا فلاحی پروگرام ہے۔
انہوں نے نہ صرف پروگرام کی شفافیت کو یقینی بنایا بلکہ جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ڈیٹا انالیسس کے ذریعے مستحقین تک امداد کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی تعلیمی اور پیشہ ورانہ قابلیت بھی نہایت متاثر کن ہے۔ وہ کارڈیک سرجری میں ایم ڈی ہیں اور صحت عامہ میں تحقیق و ترقی کے میدان میں کئی بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ منسلک رہی ہیں۔ عالمی سطح پر ان کے کام کو سراہا گیا ہے، اور انہیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا ہے۔

