English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

ڈونلڈٹرمپ اسرائیلی جارحیت روکنے کیلیے اقدامات کریں، جاوید قصوری

القمر

لاہور (وقائع نگارخصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ نو منتخب امریکن صدر ڈونلڈ ٹرمپ مشرقی وسطی میں جاری اسرائیلی جارحیت کو روکنے کے لیے فوری طور پر اقدام کریں۔ وہ اپنی وکٹری سپیچ میں کہہ چکے ہیں کہ جنگوں کا خاتمہ کریں گے، اب وقت آگیا ہے کہ جنگ بندی کے لیے عملاًکام کیا جائے۔ نہتے اور مظلوم فلسطینیوں کو ان کا حق دیا جائے۔اسرائیل نے جوبائیڈن کے پشت پناہی سے غزہ میں 45ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید اور ایک لاکھ سے زائد کو زخمی کیا۔دنیاکا امن تباہ و برباد کرکے رکھ دیا ہے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نئے امریکن صدر کے آنے سے بھی پاکستان کے حوالے سے پینٹاگون کی پالیسی میں کوئی واضح تبدیلی ہوتی ہوئی نظر نہیں آتی۔ماضی اب بات کی گواہی دیتا ہے کہ امریکہ شروع دن سے اپنے مفادات کو عزیز رکھتا ہے اور اس کی دوستیاں، دشمنیاں اسی بات پر منحصر ہوتی ہیں۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ملک و قوم پر مسلط حکمران امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتار پھینکیں اور ایسی پالیسیاں مرتب کی جائیں جن سے ملک و قوم کی عز ت و وقار میں اضافہ ہو۔ امریکہ سمیت دنیا کے کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات کو برابری کی سطح پر استوار کرنے کے لیے کشکول لے کر دنیا میں گھومنے کا سلسلہ ختم کرنا ہوگا۔حکمرانوں نے کفایت شعاری اختیار کرتے ہوئے اپنی عیاشیاں ختم کرنے کی بجائے قوم کو بھکاری کا تشخص دیکر پوری دنیا میں رسوا کر دیا ہے۔ محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزیدکہاکہ پاکستان ایک آزاد،خود مختار ریاست ہے جس کا اپنا آئین اور قانون ہے، موجودہ حکمرانوں کی غلامانہ اور مفلوج سوچ نے ا س کو بحرانوں میں مبتلا کر دیا ہے۔ ملک و قوم کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو حقیقی معنوں میں محب وطن اور عوام کی ترجمان ہو، نہ کہ ایسی قیادت جس کا قبلہ ہی واشنگٹن ہو۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے