English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ ترقی پسند پارٹی کا آج ہٹڑی بائی پاس پر دھرنے کا اعلان

القمر

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) سندھ ترقی پسند پارٹی کی جانب سے آج ہونے والے حیدرآباد ہٹڑی بائی پاس پر سندھ دریا پرکینال بنانے کے منصوبے کے خلاف ہونے والے دھرنے کی تیاریوں کو آخری شکل دے دی گئی۔ دھرناکی تیاریوں کے حوالے سے بلائی جانے والے اجلاس سے سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ دریا کا پانی سندھ کے عوام کا قانونی، دائمی اور عالمی حق ہے، سندھ کے لوگ کسی بھی صورت میں اپنی زندگی کا سہارا سندھ دریا کو خشک ہونے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ دریا کے کوٹری ڈان اسٹریم میں مطلوبہ پانی نہ چھوڑنے کی وجہ سے سندھ کے لاڑ کے علاقے میں سمندر آگے بڑھ رہا ہے۔ موجودہ وفاقی حکومت کو ہوش سے کام لینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سندھ دشمن منصوبے میں پیپلز پارٹی بھی برابر کی شریک ہے، جس کے اثرات وفاقی حکومت پر ہیں اور صدارتی محل میں بھی پیپلز پارٹی کی موجودگی ہے۔ اجلاس میں ہٹڑی بائی پاس پر صبح 10بجے سے شام 5بجے تک احتجاجی دھرنا دینے اور روڈ بند کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی۔ دھرنے کی کامیابی کے لیے مختلف گاؤں، شہروں اور علاقوں میں جاری مہم پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ دھرنے میں ہزاروں خواتین، بچے اور مرد شریک ہوں گے، جن کے لیے دھرنے کے مقام پر پینے کے پانی کے کیمپس، استقبالیہ کیمپ اور ایک بڑی اسٹیج بنائی جائے گی، جس پر پارٹی کے رہنما خطاب کریں گے۔ دھرنے کے دوران مختلف قومی فنکار قومی گانے، اسٹیج ڈرامے اور ملی نغمے پیش کریں گے۔ اس موقع پر ایس ٹی پی کے چیئرمین نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ 9نومبر کو ہونے والے دھرنے میں بھرپور شرکت کریں تاکہ وفاقی حکومت کو یہ پیغام دیا جاسکے کہ سندھ کا عوام کسی بھی سندھ دشمن فیصلے کو قبول نہیں کرے گا۔ اجلاس میں ایس ٹی پی کے جنرل سیکرٹری ہوت خان گاڈھی، ڈاکٹر عبدالحمید میمن، قادر چنا، ڈاکٹر احمد نوناری، امتیاز سموں، ڈاکٹر سومار مریو اور دیگر بھی شریک تھے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے