English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

میونسپل ٹیکس عوام کا خون نچوڑ کر لیا جا رہا ہے ‘سیف الدین

القمر

کراچی(نمائندہ جسارت) اپوزیشن لیڈر کے ایم سی و نائب امیر جماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کے ذریعے MUCT (میونسپل ٹیکس) کراچی کے عوام کا خون نچوڑ کر لیا جا رہا ہے ، مرتضیٰ وہاب نے ٹیکس وصولی کا چیک دکھا کر کراچی کے شہریوں کی دل آزاری کی ہے ، کھربوں روپے ٹیکس دینے والے شہریوں سے ایک اور ٹیکس ظالمانہ اقدام ہے ،کے الیکٹرک کے بل میں پہلے ہی مختلف قسم کے ٹیکس عوام جبراً ادا کر رہے ہیں ، ایک اور جبری ٹیکس وصول کر کے مرتضیٰ وہاب نے کونسا کارنامہ انجام دیا ہے، اربوں روپے کی کرپشن ختم کرنے کے بجائے شہریوں سے مزید لوٹ مار کی جا رہی ہے ۔ بلدیہ کراچی میں اپوزیشن لیڈر سیف الدین ایڈووکیٹ کی صدارت میں ہفتہ وار جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی ، میٹنگ میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر قاضی صدر الدین ، کوآر ڈی نیٹر نعمان الیاس ،چیئر مین امید علی قاضی ، یوسی چیئر مین محمد ابرار اور سٹی کونسلر تیمور احمد بھی موجود تھے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیف الدین ایڈووکیٹ نے مزید کہا کہ مرتضیٰ وہاب کو ٹیکس کے چیک کے ساتھ کے الیکٹرک سے کیا جانے والا خفیہ معاہدہ بھی دکھانا چاہیے تھا ، ان کو یہ بھی بتانا چاہیے تھا کہ کے الیکٹرک نے MUCTکے نام سے وصول کی جانے والی رقم میں سے خود کتنی رقم رکھی ، انہوں نے کہا کہ کے ایم سی چارجڈ پارکنگ، اشتہارات اور دوسری مدات جو پہلے سے موجود ہیں ان سے وصولی کرنے میں ناکام ہے کیونکہ وہاں اقرباپروری کی بنیاد پر بدترین کرپشن ہو رہی ہے ، مرتضیٰ وہاب کو اس بات کا بھی جواب دینا چاہیے کہ اربوں روپے سے کرائے گئے نام نہاد ترقیاتی کام چند ماہ میں کیسے ڈوب گئے ، کروڑ و ں روپے نالوں کی صفائی کے لیے جو آئے تھے وہ کہاں گئے اور نالے اب تک کچرے سے کیوں اٹے پڑے ہیں ، انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اور سندھ حکومت سے آنے والی رقم کو کرپشن میں ضائع کیا جا رہا ہے اور دوسری جانب شہریوں کا خون نچوڑنے کے لیے ایم یو سی ٹی ، سیوریج اور گاربیج کلیکشن کے نام پر نئے نئے ٹیکس لگائے جا رہے ہیں ، اس ظلم کے خلاف سٹی کونسل میں بھی احتجاج کریں گے ، عدالت بھی جائیں گے اور ضرورت ہوئی تو سڑکوں پر نکلیں گے ۔ کراچی کے عوام کو پیپلز پارٹی کے ظلم سے نجات دلائیں گے ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے