لندن:سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی گاڑی پر لندن میں حملہ کرنے والے 23 پاکستانیوں کے نام پی سی ایل (پاسپورٹ کنٹرول لسٹ) میں شامل کرتے ہوئے ان کے پاسپورٹ معطل کردیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ پی سی ایل میں شایان علی نامی شخص کا نام بھی شامل ہے، جسے لندن مظاہروں سے شہرت ملی، اس کے علاوہ تحریک انصاف کی رہنما ملائکہ بخاری کا نام بھی اس فہرست میں ڈالا گیا ہے۔پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں مزید جن افراد کے نام شامل کیے گئے ہیں ان میں سعدیہ فہیم، فہیم گلزار، ماہین فیصل، سدرہ طارق، حبہ طارق، وقاص چوہان، محسن حیدر ضمیر اکرم، سردار تیمور، محمد پرویز علی رخسانہ کوثر، شیخ محمد جمیل، مہران حبیب، زہیر احمد، رحمان انور اور محمد صادق خان، خدیجہ کاشف، محمد نوید افضل، شہزاد قریشی، سلیمان علی شاہ اور بلال انور شامل ہیں۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ان تمام افراد کے نام شامل کیے گئے ہیں جو اس حملے کے حوالے سے درج مقدمے میں شامل ہیں۔ 23 افراد کے علاوہ 153 مزید افراد کے نام بھی پی سی ایل میں شامل کیے گئے ہیں تاہم ان 23 افراد کے پاسپورٹ معطل کردیے گئے ہیں۔
علاوہ ازیں ان تمام افراد کی حوالگی کے لیے برطانوی حکام کو خط بھی لکھ دیا گیا ہے۔ انہیں پاکستان لائے جانے کی صورت میں گرفتار کرکے شامل تفتیش کیا جائے گا۔

