جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ 2028 سے تمام محکموں کو سود سے پاک کر دیا جائے گا۔
ویکفیلڈ میں خطاب کرتے ہوئے جمعیت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اسلامی نظام کے نفاذ اور سودی نظام کے خاتمے کے بغیر پاکستان ترقی نہیں کر سکتا۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو شک کی بنیاد پر 90 روز تحویل میں رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ،پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ اور معشیت کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی بقاء اسلامی نظام میں ہے، 26 ویں آئینی ترمیم میں سودی نظام کے خاتمے کو آئین کا حصہ بنایا ہے ،آئین ہم سب کا ہے ہمیں اس کا احترام کرنا ہو گا۔
جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا ہے کہ جمہوریت کی بقاء اور اسلامی نظام کے لیے پاکستان بھر میں تحریک جاری رکھیں گے،انسدادِ دہشت گردی ایکٹ میں ترمیم 26 ویں آئینی ترمیم اور جمہوریت کی توہین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم محفوظ پاکستان کے لیے مضبوط فوج کے قائل ہیں، پاکستان کے امن کے لیے ہمیں متحد ہونا ہو گا۔
