بیجنگ:چین نے کہا ہے پاکستان اور چائنا کے مضبوط تعلقات کو کمزور کرنے کی تمام سازشیں ناکام ہوں گی۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ دونوں دوست ممالک (پاکستان اور چین) کے مابین مثالی اعتماد اور مضبوط تعاون و تعلقات کو کمزور کرنے کی کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی جانب سے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن اور کارروائیوں کی چین حمایت جاری رکھے گا۔ چین بیرون ملک اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے ساتھ ثابت قدم اور پُرعزم ہے۔
چینی ترجمان لین جیان کا کہنا ہے کہ پاکستان کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا ارادہ کرتے ہیں۔ ہم دہشت گردی کے خلاف مشترکہ تعاون جاری رکھتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات اور دوستی کو سبوتاژ کرنے کی کسی بھی قسم کی سازش کو ناکام بنا دیں گے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ تزویراتی تعاون ہے اور یہ دونوں ممالک سدابہار اسٹریٹیجک شراکت دار ہیں۔ پاکستان اور چین کے درمیان اعتماد اور تعاون کو کوئی بھی طاقت کمزور نہیں کر سکتی۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سماجی ترقی، معیشت کی بہتری اور عوام کے لیے معاشی سرگرمیوں کے مواقع بڑھانے کی کوششیں اور حمایت جاری رہے گی۔ پاکستان اور چین کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کا سلسلہ مزید توسیع کے ساتھ آگے بڑھے گا، جس سے دونوں ملکوں کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

