واشنگٹن : نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکن سینیٹر مارکو روبیو کو وزیرِ خارجہ نامزد کر دیا، وہ خارجہ تعلقات اور انٹیلی جنس کمیٹیوں کے سینئر رکن بھی ہیں۔
وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق مارکو روبیو کو ’سیکریٹری آف اسٹیٹ‘ نامزد کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہماری قوم کے لیے ایک مضبوط وکیل، اتحادیوں کے لیے سچے دوست اور بے خوف جنگجو ہوں گے اور اپنے مخالفین کے سامنے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
53 سالہ مارکو روبیو ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ کے سیاسی حریف رہے ہیں اور چین مخالف ہونے کے سبب انہیں ’چائنا ہاک‘ سمجھا جاتا ہے، رپورٹ کے مطابق نامزد سیکریٹری آف اسٹیٹ اسرائیل کے مضبوط حمایتی جبکہ کیوبا کی کمیونسٹ حکومت کے سخت ناقد ہیں۔
وائس آف امریکا نے رپورٹ کہا کہ حالیہ دنوں میں ان کے خیالات خارجہ پالیسی سے متعلق ڈونلڈ ٹرمپ کے ’سب سے پہلے امریکا‘ سے ہم آہنگ نظر آتے ہیں۔
مزید بتایا گیا کہ نامزد سیکریٹری آف اسٹیٹ کہہ چکے ہیں کہ امریکا کا کردار اسرائیل کو کام ختم کرنے کے لیے درکار فوجی سامان فراہم کرنا ہے۔
واضح رہے کہ مارکو روبیو 2016 کے صدارتی انتخابات میں ری پبلکن نامزدگی حاصل کرنے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کے مخالف تھے، لیکن بعد میں وہ نومنتخب امریکی صدر کے مضبوط حمایتی بن گئے۔

