پشاور:سابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ ملک کا سب سے بڑا مسئلہ بد امنی اور لا قانونیت ہے، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں آگ لگی ہے، روز لاشیں گر رہی ہیں، فورسز کے اہلکاروں سویلینز اور مزدوروں کو شہید کیا جا رہا ہے۔
سراج الحق نے کہاکہ بلوچستان میں فورسز پر حملے اور باجوڑ میں جماعت اسلامی کے ضلعی سیکرٹری جنرل کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، حکومت بتائے بد امنی اور بدحالی کا ذمہ دار کون ہے؟ حکمران معیشت کو ٹھیک کر سکے نہ امن بحال کر سکے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حکمران لوگوں کو روزگار دے سکتے ہیں نہ لوڈ شیڈنگ ختم کر سکتے ہیں، نہ ہی بچوں کو معیاری تعلیم دے سکتے ہیں تو حکمران آخر کیا کر سکتے ہیں؟ حکومتوں اور وی آئی پی کلچر کے مزے لوٹنے کے علاوہ ان کا کوئی کام نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکمران امن قائم نہیں کرسکتے تو حکومت چھوڑ دیں، وزیر اعظم ملک کی تمام سیاسی جماعتوں، قومی رہنمائوں، دانشوروںاور دیگر شراکت داروں کو بٹھائیں اورمکمل غوروخوض کے بعد مسائل کا حل ڈھونڈیں اورپالیسی مرتب کریں۔

