کیف:یوکرین نے روس پر طویل رینج امریکی ساختہ میزائلوں سے حملہ کردیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن کی جانب سے اجازت ملنے کے بعد روس یوکرین جنگ کے 1000 ویں دن یوکرین کی جانب سے پہلی بار طویل رینج امریکی ساختہ میزائلوں سے حملہ کردیا گیا ہے۔ طویل رینج کےاس امریکی ساختہ یزائلوں کو اے ٹی اے سی ایم ایس کہا جاتا ہے۔
یوکرین کے حملے کے حوالے سے روس نے تصدیق کردی ہے، اس سلسلے میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کی جانب سے 6 میزائل فائر کیے گئے جو ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنانے کے لیے داغے گئے تھے، تاہم ان میزائلوں کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔
روس کی جانب سے حملوں کے تصدیقی بیان میں کہا گیا ہے کہ فوجی تنصیب پر میزائل گرنے سے ملبے میں آگ لگ گئی، تاہم صورت حال کو فوری طور پر قابو کرلیا گیا ہے اور اس حملے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔
ماسکو حکومت نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ یوکرین سے کیے گئے حملوں میں امریکی اے ٹی اے سی ایم ایس (طویل رینج) میزائلوں کا استعمال ہوا ہے، جس کا ٹارگٹ برائیانسگ ریجن میں روس کی حدود میں 110 کلومیٹر (70میل) اندر ایک فوجی اڈا تھا۔
اُدھر یوکرین کا کہنا ہے کہ روس میں110 کلومیٹر اندر ایک اسلحہ ڈپو پر حملہ کیا گیا ہے، جس سے وہاں دھماکاہوا، تاہم یوکرین کی جانب سے حملے میں امریکی ساختہ میزائلوں کے استعمال کے حوالے سے وضاحت نہیں دی گئی جب کہ امریکی عہدے داروں نے اے ٹی سی ایم ایس میزائل سے حملے کی تصدیق کی ہے۔

