اسلام آباد: مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے بار بار کالز دے کر احتجاج کی اہمیت کھودی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کے احتجاج کی کوئی خاص اہمیت نہیں رہی، کیوں کہ انہوں نے مسلسل اور بار بار احتجاج کی کالز دے کر 24 نومبر کے احتجاج کی اہمیت کھو دی ہے۔
مولانا فضل الرحمن نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس پارٹی میں اب کوئی مؤثر یا ٹھوس پالیسی بنانے والے لوگ نہیں ہیں۔ ان کی جانب سے احتجاج کی کال کا وقت بھی ٹھیک نہیں ہے، اس سلسلے میں انہیں ایک بار پھر سوچنا چاہیے۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے بانی عمران خان کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی گئی ہے، جسے پارٹی میں فائنل کال کہا جا رہا ہے، اس سلسلے میں پارٹی قیادت کی جانب سے کارکنوں، عہدے داروں، رہنماؤں اور ارکان اسمبلی کو زیادہ سے زیادہ افراد کو احتجاج میں شریک کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
پی ٹی آئی احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے خود عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی متحرک ہیں اور ان کی جانب سے بھی پارٹی سے وابستہ افراد کو ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
دوسری جانب حکومت کی جانب سے پی ٹی آئی کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں 2 ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے جب کہ سیکورٹی اداروں کے اہل کاروں کی بھاری نفری بھی طلب کی گئی ہے۔

